اسکاٹش دارالحکومت ایڈنبرا سیاحت کیلئے دنیا کا بہترین شہر قرار
گلاسگو ،جولائی۔سیاحت کیلئے مشہور میڈیا گروپ اور میگزین ٹائم آئوٹ نے اپنے تازہ سروے میں اسکاٹش دارالحکومت ایڈنبرا کو سیاحت کے لیے اس سال دنیا کا سب سے خوب صورت اور پیدل چلنے کے لیے بہترین شہر قرار دیا ہے۔ ایڈنبرا نے اپنے مدمقابل شہروں نیو یارک، پراگ، میڈرڈ اور تائپی پر سبقت حاصل کرلی ہے۔ سروے میں اس بات کو مدنظر رکھا گیا تھا کہ کون سا شہر نہ صرف سیاحوں بلکہ وہاں مقیم رہائشی افراد کے لیے بھی بہترین ہے، ان شہروں کے ریسٹورنٹس، پبس، کلبس، آرٹس، کلچر، میوزیمز اور نائٹ لائف کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈنبرا سٹی کونسل کے لیڈر کیمی گون نے شہر کو اس سال دنیا کا بہتر مقام قرار دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈنبرا نہ صرف شاندار اور پیدل چلنے کے لیے بہترین ہے بلکہ یہ تاریخی مقامات، سبز جگہوں اور دلکشی سے بھرا ہوا ہے۔ مقابلے میں گلاسگو چوتھے نمبر پر آیا ہے۔ گلاسگو کو سب سے زیادہ دوستانہ رویئے کا حامل اور دوسرے نمبر پر افورڈ ایبل شہر قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹائم آئوٹ ہر سال دنیا بھر میں ہزاروں شہروں کی زندگی اور ان کے آبائی شہر کے معیار زندگی پر سروے کراتا ہے۔