اسمتھ کی جانب سے تھپڑ مارنے کا واقعہ، امریکی کامیڈین کا اظہارِ افسوس
لاس اینجلس،مارچ۔امریکی ٹیلی ویڑن میزبان، کامیڈین، مصنف اور پروڈیوسر جمی کیمیل نے اداکار ول اسمتھ کی جانب سے اکیڈمی ایوارڈز کے موقع پر ایونٹ کے پریزینٹر کرس راک کو اپنی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کا تمسخر اْڑانے پر تھپڑ مارنے کے واقع پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا۔یہ واقعہ اس قدر اچانک اور غیر متوقع طور پر ہوا کہ بہت سے ناظرین تو ابتدا میں یہی سمجھتے رہے کہ یہ شاید اسی پروگرام میں کسی ایکٹ کا حصہ ہے۔ جبکہ اس اچانک اقدام پر خود جمی کیمیل جو ماضی میں خود بھی اکیڈمی ایوارڈز کے میزبان رہ چکے ہیں وہ خود بھی اس تھپڑ کو اداکاری کا حصہ ہی سمجھتے رہے۔انہوں نے اس حوالے سے پیر کی شب اپنے ٹاک شو جمی کیمیل لائیو میں گفتگو کے دوران اس کی ویڈیو چلوائی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو ول اسمتھ اس لطیفے پر خود بھی مسکرائے تھے، تاہم کچھ دیر بعد جب انہوں نے اسے نوٹس کیا اور اپنی اہلیہ جاڈا کے لبوں پر مسکراہٹ نہ دیکھی تو وہ اٹھے اور کرس راک کو تھپڑ مار دیا۔جمی کیمیل کے مطابق یہ بڑی افسوسناک صورتحال ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کرس راک نے معاملے کو بڑے اچھے انداز میں سنبھالا اور تھپڑ کھا کر بھی مسکرا کر گفتگو کرتے رہے۔