اسماعیل ہنیہ نے زخمی فلسطیینی بچی کی ترکیہ کے ہسپتال میں عیادت کی
انقرہ،اگست۔حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ترکیہ کے ہسپتال میں زیر علاج فلسطینی بچی کی عیادت کی ہے۔ فلسطینی بچی رحاف سلمان غزہ پر مسلط کردہ حالیہ تین روزہ جنگی جارحیت کے دوران زخمی ہو گئی تھی۔رحاف سلمان کواسرائیلی حملے کے دوران تین مختلف اعضا سے محروم ہونا پڑا تھا۔ اس میں اس کی دائین آنکھ کی بینائی بھی شامل ہے۔ غزہ میں اس کا اعلاج ممکن نہ ہونے کی وجہ سے ترکیہ لائی گئی تھی۔ اس موقع پر اسماعیل ہنیہ نے فلسطینی بچی کی خیریت دریافت کی اور کچھ دیر اس کے پاس رہے۔اسماعیل ہنیہ نے بچی کے علاج کے سلسلے میں ترکیہ کے ہسپتال کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم اب تک رحاف سلمان کی ایک سے زائد سرجری کر چکی ہے۔ ہنیہ نے ڈاکٹروں کی ان خدمات کے لیے ان کی تعریف کی جو وہ بڑی محنت اور مہارت کے ساتھ فلسطینی بچی کے صحت کے لیے پیش کر رہے ہیں۔حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے اس سلسلے میں صدر رجب طیب ایردوآن کی بھی تحسین کی اور کہا صدر طیب نے بڑی فراخ دلی کے ساتھ فلسطینی بچی کے ترکی میں علاج کی حامی بھری اور بچی کے ساتھ ساتھ اس کے والدین کی میزبانی کرنا قبول کیا۔اس فلسطینی بچی کے علاوہ بھی متعدد زخمی فلسطینیوں کو ترکیہ کے سب سے بڑے ہسپتال میں علاج کی سہولیات دی جا رہی ہیں۔ ہنیہ اس سلسلے میں صدر ترکیہ کے جذبے کی ستائش کی اور تمام زخمی فلسطینیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔