اسرائیل : اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم "ایرو-3” کا کامیاب تجربہ
تل ابیب،جنوری۔اسرائیلی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق اس نے 3 Arrow اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اس تجربے کے بارے میں مزید تفصیلات آج کسی وقت جاری کی جائیں گی۔اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ "یہ کامیاب تجربہ ٹکنالوجی کے حوالے سے اسرائیل کی برتری واضح کرتا ہے۔ یہ امر اسرائیل کو اپنے دشمنوں کے خلاف کام کی آزادی دیتا ہے”۔اسرائیل نے گذشتہ برس بتایا تھا کہ امریکا کے ساتھ مل کر بیلسٹک میزائل کے لیے ایک نئی ڈھال کی تیاری پر کام جاری ہے۔ اسے 4 Arrow کا نام دیا گیا ہے۔اسرائیل کے دو اینٹی میزائل سسٹم 2 Arrow اور 3 Arrow پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد فضا سے آنے والے میزائلوں کو راستے میں تباہ کرنا ہے۔ ان جدید سسٹموں کو اس واسطے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو مختصر ، درمیانی اور طویل مار کے میزائلوں کے حملوں سے بچایا جا سکے۔