ارجنٹائن میں70 ملین سال پرانے ڈائنوسار کا ڈھانچہ برآمد
بیونس آئرس ،مارچ۔ارجنٹائن میں ستر ملین سال پرانے ڈائنوسار کا ڈھانچہ برآمدہواہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق جرنل آف ورٹیبریٹس میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ کے مرکزی مصنف فیدریکو آگولِن نے میڈیا کو بتایا کہ شمال مغربی صوبے سالٹا سے سخت کھوپڑی اور چھوٹے بازوؤں والے ڈائنوسار ڈھانچہ ملا ہے اور اس ڈائنوسار کا نام گوئمیسیا اوچاؤئی رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ڈائنوسار کے گوشت خور ابیلیسارز گروہ سے تعلق رکھتا ہے، جو دو ٹانگوں پر چلتے تھے، جب کہ ان کی اگلی ٹانگیں چھوٹی ہوتی تھیں اوراس ڈھانچے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈائنوسارز کی یہ قسم شمالی امریکا کے ٹیانوسارز ریکس سے مختلف ہے۔انہوں نے بتایا کہ دریافت ہونے والے ڈائنوسار کی یہ قسم سونگھنے کی زبردست حس کی حامل تھی جب کہ ممکنہ طور پر فقط قریب ہی دیکھنے کی اہل تھی اور اس کے بڑے پیر اور نہایت چھوٹے بازو بتاتے ہیں کہ یہ دو ٹانگوں پر چلنے والی قسم تھی۔