ہریتھک کی طرح فٹ ہونا چاہتا ہوں تاکہ کترینہ کا ہیرو بن سکوں: آر مدھاون
ممبئی،جنوری۔بالی وڈ اداکار رنگانتھن مدھاون نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ساتھی اداکار ہریتھک روشن کی طرح فٹ ہونا چاہتے ہیں۔میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے آر مدھاون نے ہریتھک روشن کی دل کھول کر تعریف کی اور کہا کہ میں انہیں بے حد سراہتا ہوں، ہم دونوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز تقریباً ایک ساتھ کیا تھا لیکن ایسا لگتا ہے جیسے ہریتھک کی عمر بڑھنا بند ہوگئی ہے۔آر مدھاون نے کہا کہ اس عمر میں بھی ہریتھک ایکشن سے بھرپور فلموں میں اداکاری کررہے ہیں اور کیا شاندار اداکاری کرتے ہیں، میں بھی اس طرح کی فلمیں کرنا چاہتا ہوں جیسے ہریتھک اس عمر میں کرتے ہیں۔مدھاون کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں کہ ہریتھک کی طرح بالکل فٹ ہوجاؤں تاکہ اداکارہ کترینہ کیف کے مد مقابل ہیرو آسکوں۔واضح رہے کہ آر مدھاون نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1997 میں انگریزی زبان کی فلم Inferno سے کیا تھا جس میں انہوں نے بھارتی پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا۔ آر مدھاون نے پہلی بھارتی فلم 1998 میں کی جس کا نام ‘شانتی شانتی شانتی’ تھا۔تاہم ہریتھک روشن نے سن 2000 میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم ‘کہو نا پیار ہے’ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔