ہرناز نے مس یونیورس ٹائٹل جیتنے کو اولمپکس کے برابر قرار دیدیا
ممبئی،جنوری بھارتی ماڈل اور حال ہی میں مس یونیورس 2021 کا تاج سر پر سجانے والی ہرناز سندھو نے ٹائٹل جیتنے کو اولمپکس میں میڈل جیتنے کے برابر قرار دے دیا۔ انہوں نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ان کے ملکہ حسن کے اعزاز کو اسی انداز میں سراہا جانا چاہیے جس طرح ایک خاتون ایتھلیٹ کو اولمپکس میں میڈل جیتنے کے بعد سراہا جاتا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران ہرناز سندھو کا کہنا تھا کہ متعدد لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے ملکہ حسن کا اعزاز اپنے خوبصورت چہرے کے باعث جیتا لیکن میں اس کے پیچھے اپنی محنت کے بارے میں جانتی ہوں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ جیت اولمپک میں میڈل جیتنے کے مترادف ہے، جیسے ہم کسی اسپورٹس پرسن کو ملک کی نمائندگی پر سراہتے ہیں، تو پھر مقابلہ حسن جیتنے والوں کی تعریف کیوں نہیں کر سکتے؟ہرناز کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی بحث میں پڑنے کے بجائے میں اپنی محنت سے لوگوں کو اپنی قدر کا احساس دلاؤں گی، یہ دقیانوسی تصور میں میں توڑنا چاہتی ہوں۔ خیال رہے کہ ہرناز نے رواں برس مس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجایا ہے جو 2000ء میں لارا دتا کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی دوسری بھارتی ہیں۔