کیا اے آر رحمان نے آسکر ایوارڈز خریدے تھے؟
ممبئی،جنوری۔بھارتی موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان پر ایوارڈز جیتنے کا الزام لگا تو اس پر میوزک کمپوزر کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سال 2011 میں میوزک ڈائریکٹر اسماعیل دربار نے الزام عائد کیا تھا کہ میوزک کمپوزر اے آر رحمان نے فلم سلم ڈاگ ملینیئر کے لیے ایوارڈز خریدے تھے۔ تاہم ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اے آر رحمان نے کہا تھا کہ آسکر کے معاملے میں تو ایسا کرنا ممکن ہی نہیں تھا۔ واضح رہے کہ ڈینی بوائل کی فلم سلم ڈاگ ملینیئر کے لیے اے آر رحمان نے 2009 میں دو اکیڈمی ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔ انہوں نے بہترین اوریجنل اسکور اور بہترین اوریجنل گیت کے لیے یہ دونوں ایوارڈز جیتے تھے۔ ان ایوارڈز پر اسماعیل دربار نے کہا تھا کہ سلم ڈاگ ملینیئر کے لیے اے آر رحمان کا کام ان کی دیگر فلموں سے کافی نیچے تھا، اگر انہیں یہ ایوارڈز فلم روجا اور بومبے کے لیے ملتے تو مجھے اس سے بھی زیادہ خوشی ہوتی۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اے آر رحمان ان ایوارڈز کے لائق نہیں تھے، مجھے معلوم ہے کہ یہ ایوارڈز کیسے خریدے گئے ہیں۔ ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ آسکرز کو خریدا نہیں جاسکتا، اسے 3 ہزار لوگ منتخب کرتے ہیں، ایسے میں یہ کیسے ہوسکتا ہے؟