’کل ہو نہ ہو‘ کا اسکرپٹ نہ لکھنے پر کرن جوہر ناراض ہوگئے تھے، انوراگ کشیاپ
ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کے فلم ڈائریکٹر، اداکار، کہانی نگار، ایڈیٹر و پروڈیوسر انوراگ کشیاپ آج اپنی 49ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ انہوں نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ فلم ستیا کی کامیابی کے بعد بڑے بڑے نامور لوگوں نے اسکرپٹس لکھنے کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا۔واضح رہے کہ 1998 کی فلم ستیا کی ہدایت کاری رام گوپال ورما نے دی تھی جبکہ اس میں چکرورتھی، منوج باجپائی اور ارمیلا متوندکر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔میڈیا سے 2007 کے اپنے اس انٹرویو میں انوراگ کشیاپ نے بتایا تھا کہ ان بڑے پروڈیوسرز میں کرن جوہر بھی شامل تھے، انہوں نے مجھے فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کے اسکرپٹ کے لیے پیشکش کی تھی۔ جبکہ تیرے نام اور جسم کے لیے بھی کہا تھا۔جس پر میں نے کل ہو نہ ہو کے لیے انکار کردیا تھا اس کی وجہ یہ تھی کہ کرن جوہر رومانویت کے بادشاہ ہیں اور میں حقیقت پسند ہوں۔ اور میں نہیں چاہتا تھا کہ اس پروجیکٹ کو لینے کے بعد کو مسئلہ پیدا ہو۔میں نے اس معاملے کو بالکل بھی ذاتی طور پر نہیں لیا، لیکن کرن جوہر میرے انکار پر ناخوش تھے۔ جس کے بعد کرن جوہر نے کل ہو نہ ہو کا اسکرپٹ خود تحریر کیا، اس فلم کی ڈائریکشن نکھیل ایڈوانی نے دی تھی۔بلآخر انوراگ اور کرن جوہر فلم بمبئی ٹاکیز کے لیے دیباکر بینرجی اور زویا اختر کے ساتھ اکٹھے ہوئے اور کرن نے انو راگ کی فلم بمبئی ویلویٹ میں ایک سپورٹنگ رول کیا اس فلم میں رنبیر کپور اور انوشکا شرما مرکزی کردار میں تھے۔