کسی بھی حملے کو روکنے کے لیے امارات کی صلاحیتیں مضبوط بنائیں گے : جنرل میکنزی

دبئی،فروری۔امریکی مرکزی کمان کے کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے باور کرایا ہے کہ امارات کا دفاعی نظام اْن میزائل حملوں کو روکنے کے لیے فعال تھا جن کے ذریعے ریاست کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن امارات کے دفاعی نظام اور اس کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مدد کرے گا۔منگل کے روز امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل میکنزی نے کہا کہ ان کاملک امارات اور علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرے گا تا کہ ڈرون حملوں کو ڈرون طیاروں کے بھیجے جانے سے پہلے ہی روکے جانے کے حوالے سے زیادہ مؤثر حل تلاش کیا جا سکے۔امریکی جنرل کے مطابق اگرچہ امارات پر حملے ہمارے لیے نہایت تشویش کا باعث ہیں تاہم امارات خطے میں پیشہ ورانہ ترین فوجوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میرے نزدیک امارات ایک نہایت محفوظ اور پر امن جگہ ہے”۔جنرل میکنزی نے باور کرایا کہ ان کے ملک نے امارات کو سہارا دینے کے لیے میزائل کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے جنگی بحری جہاز (یو ایس ایس کول) کو بھیجا۔ یہ جہاز امارات کے پانی میں گشت کرے گا۔ علاوہ ازیں اب سے ایک ہفتے کے بعد 22- F جدید لڑاکا طیاروں کا ایک مجموعہ بھیجا جائے گا۔ ان کا شمار دنیا میں اعلی ترین فضائی لڑاکا طیاروں میں ہوتا ہے۔حوثی ملیشیا کو ایک بار پھر سے دہشت گرد تنظیم کا درجہ دینے کے امکان کے حوالے سے جنرل میکنزی کا کہنا تھا کہ "اس موضوع کو میں امریکی سفارت کاروں کے لیے چھوڑ رہا ہوں کہ وہ اس پر روشنی ڈالیں”۔امریکی جنرل کے مطابق حوثی ملیشیا غیر ذمے دارانہ تصرفات کا مظاہرہ کرتے ہوئے امارات اور سعودی عرب پر مسلسل حملے کر رہی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران میں حوثی ملیشیا کی جانب سے امارات کو ڈرون طیاروں اور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اماراتی دفاعی نظام نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا اور کوئی قابل ذکر نقصان واقع نہیں ہوا۔

 

Related Articles