مدھوبالا، آج بھی خوبصورتی اور نفاست سے بھرپور انداز کیلئے مشہور
ممبئی ،فروری۔جب بھی بولی وڈ کے خوبصورت چہروں کی بات ہوتی ہے تو لوگ سب سے پہلے اداکارہ مدھوبالا کا نام لیتے ہیں۔مدھوبالا کی خوبصورتی کا اندازہ لگانے کے لیے ایک فلمی میگزین ’مووی‘ نے 1990 میں بولی وڈ کی آل ٹائم گریٹسٹ ایکٹریسز کی مقبولیت کا سروے کرایا تھا جس میں مدھوبالا 58 فیصد لوگوں کے ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہیں، ان کے آس پاس کوئی اور نہیں پہنچ سکا کیونکہ اس سروے میں نرگس 13 فیصد ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔مدھوبالا کو گزرے پانچ دہائیاں گزر چکی ہیں لیکن آج بھی وہ اپنی خوبصورتی اور نفاست سے بھرپور انداز کے لیے شہرت رکھتی ہیں۔مدھوبالا کے ساتھ ہی اپنا ڈیبیو کرنے والے اداکار راج کپور نے ایک بار مدھوبالا کے بارے میں کہا تھا کہ لگتا ہے بھگوان نے انھیں اپنے ہاتھوں سے سنگ مرمر سے تراشا ہے۔ راج کپور کا یہ بیان ’بولی وڈ ٹاپ 20-سپر سٹارز آف انڈیا‘ میں درج ہے۔اسی کتاب کے مطابق شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے نے فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے اپنے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن جب انھوں نے مدھوبالا کو شوٹنگ کے دوران دیکھا تو انھیں لگا کہ ان کا دن خوشگوار ہو گیا ہے۔شمی کپور نے اپنی سوانح عمری ’شمی کپور دی گیم چینجر‘ میں مدھوبالا کے لیے ایک پورا باب وقف کیا ہے جس کا عنوان ’فیل میڈلی ان لو ود مدھوبالا‘ ہے۔اس میں شمی کپور کا کہنا ہے کہ ’میں جانتا تھا کہ مدھو کسی اور سے پیار کرتی ہیں، لیکن اس کے بعد بھی میں یہ ماننا چاہتا ہوں کہ میں ان سے پاگلوں کی طرح پیار کرنے لگا تھا۔ میں نے کبھی ان سے زیادہ خوبصورت عورت نہیں دیکھی۔‘صرف 36 سال کی عمر، اس میں بھی اپنی زندگی کے آخری نو سال اپنے گھر میں قید تنہائی پر مجبور رہنے اور صرف 66 فلمیں کرنے کے باوجود مدھوبالا نے وہ سب کچھ حاصل کیا، جس سے وہ ہمیشہ کے لیے امر ہو گئیں۔درحقیقت، مدھوبالا نہ صرف اپنے والدین بلکہ 11 بہن بھائیوں کے خاندان کی واحدکفیل تھیں۔ صرف چھ سال کی عمر سے ہی مدھوبالا نے مایا نگری میں قدم جما لیے تھے۔