لیکسس کی پہلی الیکٹرک کار یا الفا رومیو کی ٹونال: لگڑری گاڑیوں کے نئے ماڈلز میں خاص کیا ہے؟
لندن،فروری۔دنیا بھر کی آٹو انڈسٹری میں بدلتے وقت کے ساتھ جدت آ رہی ہے اور دنیا کی بہت سی کار ساز کمپنیاں اپنے صارفین کے لیے نئے، جدید اور بہتر ماڈلز متعارف کروا رہی ہیں۔کار سازی کی عالمی صنعت میں رواں ہفتے دنیا کی بڑی لگڑری کار کمپنیوں نے اپنے جدید اور نئے ماڈلز متعارف کروائے ہیں۔ اْن میں اطالوی کار ساز کمپنی ’الفا رومیو‘ کی ’ٹونال‘، مرسیڈیز بینز اور گیلی کا ایک مشترکہ ماڈل ’ہیش ٹیگ‘ اور لیکسس اور ڈی ایس موٹرز کی مستقبل کی الیکٹرک کاریں شامل ہیں۔رواں ہفتے ہی جاپانی کار ساز ادارے ٹیوٹا کے برانڈ ’لیکسس‘ نے پہلی الیکٹرک کار متعارف کروائی ہے۔ لیکسس نے اپنی پہلی الیکٹرک ماڈل کار کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں۔ RZ450e نامی یہ کار اس سال کے آخر تک صارفین کے لیے دستیاب ہو گی۔لیکسس کی یہ نئی الیکٹرک کار تکنیکی طور پر حال ہی میں منظر عام پر آنے والی ٹویوٹا bZ4X سے ملتی جلتی ہے۔ لیکن لیکسس کے انجینئرز اور ڈیزائنرز نے نئی الیکٹرک کار کو زیادہ ہموار اور پرتعیش بنانے کے لیے اس میں تبدیلیاں کی ہیں۔تاہم کمپنی نے اس کی تکنیکی تفصیلات ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہیں، لیکن توقع ہے کہ اس کار میں دو الیکٹرک موٹریں ہوں گی اور یہ ایک ہی چارج پر 400 کلومیٹر تک سفر کرے گی۔کمپنی نے اپنی پہلی الیکٹرک کار کو ایک سپورٹس کار کا انداز دیا ہے تاکہ یہ زیادہ جاذب نظر لگے۔ لیکسس الیکٹرک کی قیمت تقریباً پچاس ہزار ڈالرز ہو گی اور یہ جرمن لگڑری کار ساز اداروں کی مصنوعات کے علاوہ ٹیسلا کے ماڈل وائی کا مقابلہ بھی کرے گی۔مرسیڈیز بینز اور چینی کار ساز کمپنی گیلی کی مشترکہ کار کمپنی سمارٹ نے اپنی پہلی چھوٹی الیکٹرک کار متعارف کروائی ہے۔کمپنی نے انٹرنیٹ پر اس ماڈل کی تصاویر جاری کی ہیں۔ یہ ایک بہت چھوٹی الیکٹرک کار ہے جسے ’ہیش ٹیگ ون‘ کہا جاتا ہے اور اس سال اس کی نقاب کشائی کی جائے گی۔مرسڈیز بینز نے 1990 کی دہائی کے آخر میں بہت چھوٹی لگڑری کاریں بنانے کے مقصد کے ساتھ سمارٹ کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔ سمارٹ کو اپنے آپریشن کے دوران نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور مرسڈیز بینز نے 2020 میں اعلان کیا تھا کہ اس نے گیلی کے ساتھ ایک معاہدے میں سمارٹ کمپنی کا 50 فیصد حصہ چینی کار ساز کمپنی گیلی کو فروخت کر دیا ہے۔ہیش ٹیگ نامی ماڈل مرسیڈیز بینز اور گیلی کے مشترکہ انتظام کے ساتھ پہلا فیکٹری ماڈل ہے۔ یہ کار جرمنی میں ڈیزائن کی گئی ہے اور اسے چین کی ایک فیکٹری میں تیار کیا جا رہا ہے۔کمپنی کے ایگزیکٹیوز کا کہنا ہے کہ گاڑی کے نام پر ہیش ٹیگ لگانے کا مقصد نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا تھا۔ انھیں امید ہے کہ دنیا بھر میں نوجوان کمپنی کی ہیش ٹیگ ون کو پسند کریں گے۔لگڑری کاریں بنانے والی اطالوی کمپنی الفا رومیو بھی رواں ہفتے اپنے صارفین کے لیے کچھ منفرد اور جدید کاروں کے ماڈلز متعارف کروانے مارکیٹ میں اْتری ہے۔لگڑری کار ساز کمپنی الفا رومیو گذشتہ چند برسوں سے خسارے کا شکار رہی ہے تاہم اس بار انھوں نے مارکیٹ میں اپنی دھاک بٹھانے کے لیے پانچ نئے ماڈلز متعارف کروانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔اس منصوبے کے مطابق اطالوی کار ساز کمپنی 2027 تک پانچ نئے ماڈلز متعارف کرائے گی اور 2025 سے یہ صرف الیکٹرک کاریں ہی بنائے گی۔اس ضمن میں کمپنی نے اپنی لگڑری کاروں کے اس رینج پہلا ماڈل ٹونال متعارف کروایا ہے۔ یہ الفا رومیو کمپنی کا چھ برسوں میں پہلا نیا ماڈل ہے۔کمپنی نے اس کار کو ڈیزائن کرتے ہوئے جدت کی تمام تقاضوں کو مدنظر رکھا ہے۔ اس کے نمایاں فیچرز میں بڑی بڑی سکرینز، انٹرنیٹ کی سہولت اور کار ٹیکنالوجی سے کار کا رابطہ کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔یہ ایک مکمل خود کار نظام کے تحت کار کی ٹیکنالوجی سے رابطہ کرتی ہے اور کسی بھی تکنیکی خرابی کی صورت خود ہی اس کی نشاندہی کرتی ہے۔ کمپنی نے یہ خصوصیت اس لیے شامل کی ہے تاکہ کار صارفین کو دوران سفر کسی بھی تکنیکی خرابی کی صورت میں پریشانی سے بچایا جا سکے۔الفا رومیو نے ٹونال نامی کار کے ماڈلز کو پیٹرول اور ڈیزل انجن کے علاوہ ہائبرڈ ٹیکنالوجی میں بھی متعارف کروایا ہے۔اس کے سب سے طاقتور ہائبرڈ الیکٹرک ٹونال ماڈل میں 275 ہارس پاور کی طاقت ہے اور یہ بیٹری پر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔ یہ گاڑی 2.6 سیکنڈز میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنی کی صلاحیت رکھتی ہے۔اطالوی کار ساز کمپنی الفا رومیو کا کہنا ہے کہ ٹونال کے بعد کمپنی چھوٹی لگڑری گاڑیاں بھی متعارف کروائے گی۔ اس کے علاوہ کمپنی چینی اور امریکی صارفین کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بڑی لگڑری گاڑیوں کے ماڈلز بھی متعارف کروائے گی۔کمپنی کی ایگزیکٹیو ایک الیکٹرک سپورٹس کار بنانے کا سوچ رہی ہے جو الفا رومیو کے مشہور ماڈل سپائڈر سے متاثر ہو گی۔الفا رومیو بین الاقوامی کارساز اٹلانٹس آٹو موٹیو گروپ کا حصہ ہے جس کی بنیاد گذشتہ برس فیٹ کرسلر اور پیجو کے اشتراک سے رکھی گئی تھی۔ اس کے تحت الفا رومیو اب لگڑری سپورٹس کاروں کی صنعت میں آڈی اور باؤما جیسی کمپنیوں کا مقابلہ کرنے جا رہی ہے۔فرانسیسی لگڑری کار ساز کمپنی ڈی ایس نے اپنی کار ای ٹینس کا ایک جدید ماڈل پیش کیا ہے جو الیکٹرک کاروں کی مستقبل کی ٹیکنالوجیز کی جانچ کرے گا۔ ڈی ایس کمپنی نے ای ٹینس کے پہلے ماڈل کو 2016 میں جنیوا کے موٹر شو میں متعارف کروایا تھا۔تاہم ای ٹینس کے جدید ماڈل کو کمپنی نے فارمولا ون ریسنگ کے تجربے کے تحت مزید جدید بنایا ہے اور اس کا نام ای- ٹینیز رکھا گیا ہے۔ یہ نئی کار مکمل الیکٹرک کار ہو گی۔کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ دو نئے ماڈلز کی تصاویر کے مطابق ای-ٹینیز کے یہ دونوں الیکٹرک ماڈلز مجموعی طور پر 815 ہارس پاور پیدا کرتے ہیں، جو کہ چھ سال پہلے دکھائی گئی کار سے دگنا ہے۔ڈی ایس کی نئی کار کی ظاہری شکل بھی پہلے سے بدل گئی ہے اور کار کے اگلے حصے کی شکل مستقبل کے ماڈلز کے ڈیزائن کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس کار کی بیٹریاں ٹوٹل انرجی کے تعاون سے تیار کی گئی ہیں۔