لینگر کے استعفیٰ کے بعد پونٹنگ نے اسے ’’آسٹریلیائی کرکٹ کے لیے افسوسناک دن‘‘ قرار دیا

میلبورن، فروری ۔آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ہفتہ کے روز آسٹریلیائی مرد کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کے استعفیٰ کو آسٹریلیائی کرکٹ کے لئے ایک افسوسناک دن قرار دیا۔ لینگر نےکرکٹ آسٹریلیا کے ذریعہ معاہدے میں کچھ وقت کے لیے توسیع کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے اپنے عہدے سے آج استعفیٰ دے دیا۔ پونٹنگ نے آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ڈویژن اے بی سی ریڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک آسٹریلیائی کرکٹ کا تعلق ہے یہ واقعی افسوسناک دن ہے اور اگر آپ پیچھے مڑ کر دیکھیں تو گزشتہ چھ مہینوں میں کرکٹ آسٹریلیا نے کرکٹر کے کچھ بہترین لوگوں کے ساتھ جس طرح کا برتاؤ کیا ہے وہ اچھا نہیں ہے۔میرے خیال میں جس طرح سے انہوں نے ان دو معاملوں کو سنبھالا ہے ، وہ شرمناک ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ انہیں بورڈ کی مکمل حمایت نہیں ملی۔ جہاں تک میں لینگر کو جانتا ہوں، وہ اس کردار کو جاری رکھنے کے بہت خواہش مند تھے۔ خاص طور پر اپنے بین الاقوامی کیریئر کے بہترین کوچنگ دور کے بعد، جس میں انہوں نے حال ہی میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کی اور پھر ایشز سیریز چارْ۔صفر سے جیتی ۔ لینگر میرے بہت اچھے دوست ہیں اور میں جانتا ہوں کہ وہ آسٹریلیا کی کوچنگ کے بارے میں کتنا پرجوش ہیں اور اس کردار کو برقرار رکھنا چاہتا تھے ۔ وہ بہترین کوچ بننا چاہتا ہیں اور دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیم بنانا چاہتے ہیں۔

 

Related Articles