عراق : بغداد ہوائی اڈے پر حملہ کرنے والا گرفتار
بغداد،جنوری۔عراق میں العربیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرئع کے مطابق اس کا نام اکرم القیسی ہے اور اس کا تعلق مسلح ملیشیا سے ہے۔یاد رہے کہ ہوائی اڈے پر مذکورہ حملے کے سبب رن وے اور دو شہری طیاروں کو نقصان پہنچا تھا۔ ہوائی اڈے پر کھڑے یہ دونوں طیارے خارج از خدمت ہیں۔جمعے کے روز العربیہ نیوز چینل کو دیے گئے خصوصی بیان میں عراقی وزیر دفاع عناد سعدون نے بتایا کہ ان کی وزارت نے واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ کسی بھی فریق کو فوج کو نشانہ بنانے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے۔ وزیر دفاع نے واضح کیا تھا کہ ہوائی اڈے پر حالیہ حملے کرنے والوں کے حوالے سے اہم معلومات موصول ہوئی ہیں۔ سعدون نے باور کرایا کہ ملک میں لڑنے کے مقصد سے کوئی غیر ملکی فوجی نہیں ہے۔عراقی وزیر دفاع کے مطابق عسکری ادارے کے کام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں پائی جاتی ہے۔