سعودی نوجوانوں کی ڈاکار ریلی میں الٹ جانے والی گاڑی کی مدد
ریاض،جنوری۔سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ گردش میں آیا ہے جس میں کئی نوجوانوں کو ڈاکار ریلی کے ایک ڈرائیور کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کی گاڑی ریس کے دوران الٹ گئی تھی۔ اس ریلی کا آغاز سعودی عرب کے شہر حائل سے ہوا ہے۔سعودی ڈاکار ریلی 2022ء میں یہ حادثہ گذشتہ روز جمعرات کو پیش آیا جب ایک ریس میں شریک ایک ڈرائیور کی گاڑی الٹ گئی۔ کیمرہ مین عبداللہ العکشان نے گاڑی کے الٹنے کا منظر اپنے کیمرے میں محفوظ کر لیا اور پھر ٹویٹر پر پوسٹ کر دیا۔وڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ جائے وقوع پر موجود متعدد سعودی نوجوانوں نے ڈرائیور کی مدد کی اور وہ دوبارہ سے گاڑی کو سیدھا کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس کے بعد ڈرائیور ریس مکمل کرنے کے لیے پھر سے چل پڑا۔یاد رہے کہ یہ مسلسل تیسرے سال ڈاکار ریلی سعودی عرب میں منعقد ہو رہی ہے۔ حالیہ ریس یکم سے 14 جنوری 2022ء تک جاری رہے گی۔ ریس کے مختلف طبقوں میں 430 گاڑیاں اور "ڈاکار کلاسک” میں 148 گاڑیاں شریک ہیں۔ ریس کامجموعی فاصلہ 8000 کلو میٹر سے زیادہ ہے۔ یہ ڈاکار ریلی کا اب تک کا سب سے بڑا ایڈیشن ہے۔ اس میں 70 سے زیادہ ملکوں کے ڈرائیور شریک ہیں۔اس سال ریس کا ایک تمہیدی اور 12 نارمل مرحلے ہوں گے۔