سعودی عرب اور خلیج کا امن ہمارا امن ہے: اردنی وزیر خارجہ
عمان،جنوری۔اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور خلیج کا امن، اردن کا امن ہے۔العربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں الصفدی نے مزید کہا کہ اردن، سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ عمّان حکومت ان تمام اقدامات کی تائید کرتی ہے جن کا مقصد خلیج کے استحکام کو سہارا دینا ہے۔وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ یمنی بحران کے حل کے سلسلے میں اْن کا ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔الصفدی کے مطابق تہران کو خود کو عرب ممالک کے امور میں مداخلت سے روکنا ہو گا۔دوسری جانب عالمی سلامتی کونسل نے ایک بار پھر یمن کے نزدیک بحری جہازوں پر حملوں کے حوالے سے ناگواری کا اظہار کیا ہے۔ اپنے سرکاری بیان میں سلامتی کونسل نے جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ سلامتی کونسل نے حوثیوں کے ہاتھوں اماراتی پرچم بردار بحری جہاز "روابی” کو تحویل میں لینے کی بھی مذمت کی ہے۔ کونسل نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا ہے کہ جہاز اور اس کے عملے کو رہا کیا جائے۔کارگو سامان سے لدے ہوئے جہاز "روابی” پر عملے کے 11 افراد سوار ہیں۔ ان کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔