ریپر و پروڈیوسر ڈری اور سابقہ اہلیہ میں 100ملین ڈالر میں طلاق کا سمجھوتہ طے
لاس اینجلس،جنوری 820ملین ڈالر کے اثاثوں کے مالک ریپر اور پروڈیوسر ڈاکٹر ڈری نے اپنی سابقہ اہلیہ نکول ینگ کے ساتھ 100 ملین ڈالر میں طلاق کا حتمی سمجھوتہ کرلیا۔فنکار جن کا اصل نام آندرے رومیلے یونگ ہے، انہوں نے تقریباََ 24 برس قبل نکول ینگ سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے 24سالہ بیٹا ٹروئس اور 20 سالہ بیٹی ٹرولی ہیں۔این بی سی نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ 18ماہ میں طے ہونے والے سمجھوتے کی شرائط کے تحت نکول ینگ کو فوری طور پر 50 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ بقیہ 50 ملین ڈالر کی ادائیگی ایک سال میں کی جائے گی۔نکول ینگ اپنے تمام زیورات کے ساتھ ساتھ چار گاڑیاں جن میں رولز رائس، رینج رور، اسکیلیڈ لیموزین اور اسپائیڈر موٹرسائیکل بھی شامل ہیں، ساتھ لے کر جائیں گی۔معاہدے کے تحت 51 سالہ نکول ینگ اس ماہ کے آخر تک مالیبو کے گھر سے رخصت ہوجائیں گی، اور اپنے قانونی اخراجات کی ادائیگی بھی خود کریں گی، جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ کئی ملین ڈالرز ہیں۔جبکہ620ملین پاؤنڈ کے مساوی اثاثوں کے مالک ڈاکٹر ڈری اپنی دولت کا بڑا حصہ اپنے پاس رکھیں گے، جس میں ان کا ماسٹر ریکارڈنگز، ٹریڈ مارکس اور متعدد پارٹنر شپس اور ٹرسٹس میں منافع شامل ہے۔وہ اپنے ایپل کے اسٹاک بھی پاس رکھیں گے جن میں ان کی بیٹس کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی شامل ہے، جسے ایپل نے 2014 میں 3 ارب ڈالرز میں خریدا تھا۔