رہیتک روشن اومی کرون سے صحتیاب
ممبئی،جنوری۔بالی ووڈ اسٹار رہیتک روشن کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے ہیں۔میڈیا کے مطابق، صرف رہیتک روشن کی سابق اہلیہ سوزین خان ہی نہیں بلکہ خود اداکار کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔رپورٹ کے مطابق، جب رہیتک روشن اومی کرون کا شکار ہوئے تو اْن کی طبیعت ناساز تھی اور انہوں نے خود کو اپنے نئے فلیٹ میں قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو کہ ممبئی کے ورسووا لنک روڈ پر ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اب رہیتک روشن اومی کرون سے صحتیاب ہوگئے ہیں اور اْن کا کورونا ٹیسٹ 5 روز قبل اْن کی سالگرہ کے دن یعنی 10 جنوری کو منفی آیا تھا۔خیال رہے کہ کچھ روز پہلے رہیتک روشن کی سابق اہلیہ سوزین خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پربتایا تھا کہ وہ کورونا کے اومیکرون ویرینٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔اْنہوں نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھا تھا کہ’دو سال تک مسلسل لوگوں کو اپنا شکار بنانے والے کورونا وائرس کے بعد، اب 2022 میں ضدی اومی کرون ویرینٹ بالآخر اْن کے مدافعتی نظام میں داخل ہوگیا ہے‘۔واضح رہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں روزانہ کی بنیاد پر فنکار کورونا وائرس کی نئی لہر کا شکار ہو رہے ہیں۔ابھی تک کئی بالی ووڈ اداکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر سامنے آچکی ہیں، جن میں بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور خوشی کپور بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ آئی سی یو میں ہیں۔