رنویر مستقبل میں کس طرح کی فلمیں کریں گے؟ اداکار نے بتادیا
ممبئی،فروری۔ ایکشن فلموں میں اپنے آپ کو منوانے کے بعد اب رنویر سنگھ کی نظر ڈراما فلموں پر ہے اور اس خواہش کا انہوں نے حال ہی میں اظہار بھی کیا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ اب ایسی فلمیں بنانا چاہتے ہیں جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ محظوظ ہوسکیں۔ حال ہی میں اسپورٹس فلم 83 میں نظر آنے والے رنویر کا کہنا تھا کہ میں ایک ایسے مرحلے سے گزر رہا ہوں جہاں میں اپنی توانائی ایسی کہانیاں بیان کرنے میں صرف کرنا چاہتا ہوں جنہیں بغیر کسی رکاوٹ کے زیادہ سے زیادہ لوگ قبول کرسکیں۔ اپنے اس فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے رنویر سنگھ کا کہنا تھا جیسا کہ کچھ سال گزرے ہیں ان میں، میں مزید خاندان پسند ہوگیا ہوں، مجھے اندازہ ہوا ہے کہ میرا حلقہ اب مزید چھوٹا ہوگیا ہے۔ فلموں سے متعلق اپنے ٹیسٹ کے بارے میں رنویر کا کہنا تھا کہ اس وقت میں ایسی فلمیں پسند کررہا ہوں جنہیں میں اپنے سسرالیوں، والدین اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکتا ہوں۔