دریائوں میں پلاسٹک پھینکنا مجرمانہ فعل ہے: پوپ فرانسس
ویٹیکن،فروری۔کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا کہنا ہے کہ دریائوں میں پلاسٹک پھینکنا جرم ہے اور اگر آنے والی نسلوں کے لئے اس دنیا کو محفوظ رکھنا ہے تو پلاسٹک کو پھینکنے کی بجائے صحیح طریقے سے ٹھکانے لگانے کی عادت اپنانا ہوگی۔ویٹیکن کے سرکاری ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران پوپ فرانسس نے اپنی دور پاپائیت کے دوران اٹھائے جانے والے مختلف موضوعات پر گفتگو کی جن میں اسلحے کی بے جا خرید وفروخت پر تنقید، تارکین وطن کے حقوق کا دفاع اور چرچ کے قدامت پسندوں کے سخت نظریات پر تنقید شامل ہے۔پوپ فرانسس نے ماحولیاتی تحفظ پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ان کے پاس اطالوی مچھیرے آئے اور انہوں نے بتایا کہ ایڈریاٹک سمندر میں ٹنوں کے حساب سے پلاسٹک موجود ہے۔اس کے کچھ عرصے کے بعد مچھیروں نے بتایا کہ اب پہلے سے دوگنا پلاسٹک سمندر میں پایا جاتا ہے۔پوپ کا کہنا تھا کہ پانی کے ذرائع میں پلاسٹک پھینکنا جرم ہے جس کے سبب حیاتیاتی تنوع کو نقصان پہنچتا ہے اور تمام جانداروں کی موت واقع ہو جاتی ہے۔