خاتون کرکٹر پر بننے والی فلم میں کام کرنے پر انوشکا شرما تنقید کی زد میں
ممبئی،جنوری۔بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما بھارتی خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی تاہم انہیں یہ کردار ادا کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔فلم میں کام کرنے کا اعلان انوشکا شرما نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم کا پہلا ٹیزر بھی شیئر کیا۔ فلم کے ٹیزر کے ساتھ انوشکا شرما نے فلم کو اسپیشل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلم بنیادی طور پر قربانی کی کہانی ہے۔فلم کا نام ’’چکڑا ایکسپریس‘‘ ہے۔ انوشکا نے فلم میں خاتون کرکٹر کا کردار نبھانے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ تاہم جہاں لوگ ایک طویل وقفے کے بعد انوشکا شرما کو دوبارہ اسکرین پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں، وہیں کچھ لوگوں نے انوشکا پر تنقید کرتے ہوئے انہیں اس کردار کے لیے ’’ان فٹ‘‘ یعنی غیر موزوں قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی بنگالی ہیں۔ اسی مناسبت سے سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس کردار کے لیے انوشکا شرما کو نہیں بلکہ کسی گہری رنگت والی اداکارہ کو کاسٹ کرنا چاہئے تھا، یا پھر کسی بنگالی اداکارہ کو اس کردار کے لیے منتخب کرنا چاہئے تھا۔