جیکلین فرنانڈز نے سکیش چندرا شیکھر سے معاشقے پر خاموشی توڑ دی
ممبئی،جنوری۔ بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز نے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم سکیش چندرا شیکھر سے معاشقے پر خاموشی توڑ دی ہے۔’بالی وڈ ہنگامہ‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں سکیش چندرا شیکھر کے خلاف 200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ اور فراڈ کیس میں تحقیقات جاری ہیں۔ جیکلین فرنانڈز کو مرکزی ملزم کے ساتھ تصویر وائرل ہونے اور مہنگے ترین تحائف وصول کرنے کے الزام میں شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔حال ہی میں جیکلین فرنانڈز کی ملزم سیکش چندرا کے ساتھ ایک اور تصویر سامنے آئی ہے جس پر اداکارہ نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کر دیا۔جیکلین فرنانڈز نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا ’اس ملک اور اس کے لوگوں نے مجھے ہمیشہ اپنی بے حد محبت اور عزت سے نوازا ہے۔ اس میں میرے میڈیا کے وہ دوست بھی شامل ہیں جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا۔‘اداکارہ مزید لکھتی ہیں کہ ’میں اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہی ہوں لیکن مجھے امید ہے کہ میرے دوست اور مداح میرا ساتھ ضرور دیں گے۔‘انہوں نے کہا کہ میں اس امید کے ساتھ اپنے میڈیا کے دوستوں سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ برائے مہربانی میری ایسی کوئی تصویر عام نہ کریں جس سے میری راز داری متاثر ہو، آپ ایسا اپنوں کے ساتھ کبھی نہیں کرنا چاہیں گے اور مجھے امید ہے کہ آپ ایسا ہی معاملہ میرے ساتھ بھی رکھیں گے۔جیکلین نے یہ بھی لکھا ’امید کرتی ہوں انصاف اور اچھی سوچ غالب آئے گی، شکریہ۔‘اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ دینے کا آپشن مداحوں کے لیے بند کر دیا۔خیال رہے کہ شیکش چندرا شیکھر کے وکیل ایڈوکیٹ اننت ملک نے کچھ روز قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سکیش چندرا کا جیکلین فرنانڈز سے معاشقہ تھا اور یہ اس کا ذاتی معاملہ ہے جسے اس کیس میں ہرگز نہیں کھینچنا چاہیے۔