ثقلین مشتاق کو آسٹریلیا سیریز میں ہیڈکوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ
کراچی ،فروری۔ چند دن پہلے ثقلین مشتاق کے پی سی بی سے استعفے کی خبریں آرہی تھیں اب کرکٹ بورڈنے ثقلین کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں بھی ثقلین مشتاق کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے اور مستقل ہیڈ کوچ کا فیصلہ آسٹریلیا کی سیریز کے بعد کیا جائے گا۔پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام پی ایس ایل معاملات میں مصروف رہے حالانکہ کئی ہفتے پہلے ہیڈ کوچ کی پوسٹ کا اشتہار دے دیا گیا تھا لیکن ابھی تک نام شارٹ لسٹ نہیں ہوسکے ہیں اور انٹر ویو ہونا بھی ابھی باقی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز میں ثقلین کو ایک اور موقع دیا جائے گا جبکہ باقی ٹیم انتظامیہ وہی ہوگی۔ ثقلین مشتاق جو واپس انگلینڈ جانا چاہتے تھے اب مزید کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔