بی پی ایل 2022میں ناظرین کی نو اینٹری
ڈھاکہ،جنوری ۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے کہاکہ کووڈ۔19کے اومیکرون ویریئنٹ کی وجہ سے ناظرین کو بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) کے آئندہ ایڈیشن میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لیگ آئندہ 21جنوری سے شروع ہونے والی ہے۔بنگلہ دیش حکومت نے دس جنوری کو وائرس کے پھیلاو کو کنٹرول کرنے کے لئے پابندیاں لگائی تھیں۔ اس سے پہلے بی سی بی نے پاکستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہوئی گھریلو سیریز میں ناظرین کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔بی پی ایل گورننگ کونسل کے سکریٹری اسماعیل حیدر ملک نے سنیچر کو کہا کہ وہ حکومت کے احکامات کے مطابق آئندہ بی پی ایل میں ناظرین کو اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ بی پی ایل کے دوران اسٹیڈیم کے اندر ناظرین کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ حکومت کی طرف سے جاری ہدایت ہے اور ہم اس پر عمل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ میں ان کے پاس ڈی آر ایس نہیں ہوگا، کیونکہ کورونا کی وجہ سے بیرون ملک سے ٹکنیشین نہیں آسکے۔انہوں نے کہاکہ ہم کووڈ کی صورتحال کی وجہ سے بی پی ایل میں ڈی آر ایس کا استعمال نہیں کرسکتے۔ اب وہ (ٹکنیشین) پرواز نہیں کرسکتے۔ ان کی دو ٹیمیں فی الحال دو ممالک میں ہیں، وہ وہاں سے اس صورتحال میں بنگلہ دیش نہیں آسکیں گے۔ملک نے کہاکہ ہاک آئی کمپنی دنیامیں ڈی آر ایس کی واحد کمپنی ہے۔ اومیکرون کی وجہ سے کوئی آنا نہیں چاہتا۔ ڈی آر ایس کے بارے میں فرینچائزی کے ساتھ بات چیت کرنے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔ہمیں ڈی آر ایس نہیں ملا۔یہ حقیقت ہے کہ ڈی آر ایس کے بغیر ٹورنامنٹ اپنی کچھ اپیل کھو سکتا ہے لیکن یہاں کچھ نہیں کرسکتے۔ہم میدان میں لوگوں کی بھیڑ چاہتے تھے، ہمیں حکومت سے اجازت نہیں ملی لیکن اومیکرون کی وجہ سے سب کچھ بدل گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک مقامی امپائر اور ایک غیرملکی امپائر ٹورنامنٹ میں میچوں کی امپائرنگ کریں گے۔