برصغیر میں پرفارم کرنا ہے، پاکستان اگلا بڑا چیلنج، آسٹریلین کپتان کمنز

سڈنی،جنوری۔آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے نئے کپتان پیٹ کمنز کی قیادت میں 4-0 سے فتح حاصل کرکے نئے دور کا آغاز کیا ہے، تاہم پیٹ کمنز کہتے ہیں کہ خود کو بہترین ثابت کرنے کیلئے بیرون ملک اور خاص طور پر برصغیر میں پرفارم کرنا ہوگا، پاکستان ہمارا اگلا بڑا چیلنج ہے۔ البتہ آسٹریلین کرکٹرز نے دورہ پاکستان کو سیکیورٹی کلیرنس اور کورونا صورت حال سے مشروط قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو مارچ میں فل سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ اس کے بعد سری لنکا اور سال کے اواخر میں بھارت میں سیریز کھیلنی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں 28 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ کئی نوجوان پلیئرز نے ملک سے باہر زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی ہے، کھلاڑی مختلف حالات میں اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کرنے کیلئے پرجوش ہیں۔ دریں اثنا آسٹریلین میڈیا کے مطابق اتوار کوآسٹریلین کرکٹرز کی اہم میٹنگ ہوئی، بعض کرکٹرز نے دورے کی حامی بھری، کچھ نے تحفظات ظاہر کیے۔ میڈیا نے بتایا ہے کہ کئی کرکٹرز نے کہا کہ ہمیں پاکستان جاناچاہئے، کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات بہتر ہیں۔ ملکی اداروں کی کلیئرنس کے بعد ہم اڑان بھریں گے۔ بعض کرکٹرز نے کہا کہ کورونا کی صورت حال اچھی نہیں، پی ایس ایل تک انتظار کرنا چاہئے، اکثر پلیئرز نے آمادگی ظاہر کی اور کہا ہے کہ ہم وہاں جانے کے لئے پرجوش ہیں۔ چار کھلاڑیوں نے اپنی فیملیز سے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے۔

Related Articles