بالی وڈ ڈائری: سلمان خان کی دوست یولیہ ونتور کا بیان، اکشے کمار کا اشتہار اور عامر خان کی بیٹی اِرا کی نئی ویڈیو
ممبئی، جنوری۔ سلمان خان جیسے بڑے سپر سٹار کے ساتھ نام جڑنے کے فائدے بھی ہیں اور نقصان بھی۔‘ یہ کہنا ہے رومانیا کی پلے بیک سنگر (گلوکارہ) یولیہ ونتور کا جنھیں سلمان خان کی خاص دوست کہا جاتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’یہ حقیقت ہے کہ اتنی بڑی شخصیت کی وجہ سے لوگ آپ کو جاننے لگتے ہیں لیکن اپنی خود کی پہچان بنانے کے لیے پھر دوہری محنت کرنی پڑتی ہے۔ لوگ مجھے اچھی طرح نہیں جانتے اس لیے میں اپنا مقام بنانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ اب یوں تو سلمان خان کی خاص دوستوں کی فہرست خاصی لمبی ہے جن میں ایشوریہ سے لے کر کترینہ کیف تک کے نام شامل ہیں لیکن سلمان کی یہ تمام سہیلیاں ایک ایک کر کے کسی اور کے ساتھ اپنے گھر بساتی چلی گئیں اور اب رہ گئی ہیں یولیہ جن کا حال ہی میں ایک ہندی گانا ریلیز ہوا ہے۔ انڈین روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ بات چیت میں یولیہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے نام اور کام سے پہچانی جانا چاہتی ہیں نہ کہ کسی اور سے وابستگی کی وجہ سے۔ مشہور سنگر گرو رودھاوا کے ساتھ ہندی گانے کے بول یولیہ کے ہونٹوں سے زیادہ عجیب نہیں لگے کیونکہ وہ پہلے بھی اپنے رومانوی انداز میں ہندی گانے گا چکی ہیں۔ یہ اور بات ہے اس نئے گانے میں چلا میں سکرین پر سلمان کسی اور کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئے۔ بہر حال اس رومانٹک گانے کو لوگ کافی پسند کر رہے ہیں۔ جہاں تک پہچان بنانے کا تعلق ہے تو عامر خان کی بیٹی اِرا خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی ایک خاص پہچان بنا لی ہے اور وہ بھی ایک اپم موضوع کےحوالے سے۔ اِرا خان نے انسٹاگرام کے اپنے اکاؤنٹ کو پبلِک کرنے کا فیصلہ کیا اور اب وہ اکثر ذہنی صحت یا مسائل کے بارے میں مختلف ویڈیوز شیئیر کرتی ہیں۔ انسٹا پر اپنی تازہ ترین ویڈیو میں اِرا نے لوگوں سے کہا کہ ذہنی صحت کے مسائل پر بات کرنا ضروری ہے لیکن اپنے خیالات یا مسائل سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچ لیں کیونکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز کمنٹس اور ٹرولز سے آپ کو تکلیف پہنچ سکتی ہے۔ اِرا نے کہا کہ انھیں ٹرولز سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ کمنٹس پڑھتی ہی نہیں ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ اپنی ذہنی کیفیت کے بارے میں سوشل میڈیا پر کھل کر بات کرنے سے پہلے انھوں نے کافی سوچا تھا۔ مینٹل ہیلتھ یا ذہنی صحت کے مسائل واقعی ایک اہم موضوع ہے لیکن مختلف معاشروں میں عموماً اسے مسئلہ ہی نہیں سمجھا جاتا۔ تاہم مشہور شخصیات کی جانب سے اس بارے میں کھل کر بات کرنے سے لوگوں میں اس بیماری کے تئیں بیداری پیدا ہو سکتی ہے۔ اور یہ بات بھی کہ ذہنی مسائل کی وجہ صرف غربت، گمنامی یا ناکامی سے ہی نہیں ہوتی۔ تقریباً دو سال تک کورونا کی وبا جھیلنے کے بعد لگتا ہے کہ بالی وڈ نے اب اس کا سامنا کرنے کی ٹھان لی ہے اور اس سال کئی بڑے ستاروں کی فلموں کی ریلیز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان میں عالیہ بھٹ کی فلم گنگو بائی کاٹھیا واڑی، دیپیکا پاڈوکون اور اننیہ پانڈے کی فلم گہرائیاں، اور اکشے کی فلم بچن پانڈے شامل ہیں جو اگلے ہی ماہ ریلیز ہونے والی ہیں۔ اکشے سے یاد آیا کہ حال ہیں میں وہ ایک ٹی وی اشتہار میں تیل بیچتے دکھائی دیے جس میں وہ باورچی کا کردار نبھا رہے تھے۔ اب یوں تو اداکار بننے سے پہلے اکشے ایک ریستوران میں کام کر چکے ہیں لیکن اس اشتہار کے حوالے سے انھوں نے اپنے تجربے کا نہیں بلکہ اپنے سسر راجیش کھنہ کا ذکر کیا۔ سنہ 1972 میں ریلیز ہونے والی راجیش کھنہ کی فلم باورچی اپنے دور کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی۔ اپنے اس اشتہار کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اکشے نے اپنے مرحوم سسر جی کو یاد کرتے ہوئے انھیں اپنا ہیرو کہا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس اشتہار میں اکشے اپنے انداز میں راجیش کھنہ بننے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ جب آپ کو اپنے ہیرو کا کردار سکرین پر کرنے کا موقع ملے۔ مجھے اس اشتہار کی ترغیب فلم باورچی سے ملی۔ اس اشتہار میں اکشے نے لوگوں کو صحت مند رہنے کی نصیحت کرنے کے ساتھ ساتھ پکوڑوں سے لے کر مولی کے پراٹھے، جلیبی اور مٹر پنیر تک بنا ڈالے۔