ایران نے ہماری سرزمین پر اہداف کا مجموعہ متعین کیا ہوا ہے: اسرائیل
تل ابیب،جنوری۔اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اْن کے ملک کے کاندھوں پر یہ ذمے داری ہے کہ وہ ایرانی نظام کو نمایاں صورت میں ضرر پہنچائے۔جمعرات کی شام ایک نئی ٹویٹ میں بینیٹ نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کی کمان کے ساتھ اجلاس میں ملک کو درپیش مختلف چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں سرفہرست ایران کا خطرہ ہے۔بینیٹ نے واضح کیا کہ آئندہ مرحلے میں اْن کے اور ان کے ملک کے لیے مرکزی مشن ایرانی نظام اور مختلف علاقوں میں تہران کے زیر انتظام تنظیموں اور جماعتوں کو نقصان پہنچانا ہے۔اس سے قبل ایک اسرائیلی ویب سائٹ نے ایرانی میزائلوں کے نشانے پر موجود اسرائیلی اہداف کا انکشاف کیا تھا۔ ان میں سرفہرست جوہری اور تزویراتی تنصیبات ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق ایران نے اپنے لیے اسرائیل کے اندر "جوہری اہداف کا مجموعہ” متعین کیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مستقبل میں ایرانی جوہری تنصیبات پر کسی بھی اقدامی حملے کی صورت میں مذکورہ اسرائیلی جوہری اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔ویب سائٹ نے باور کرایا کہ ایران اس منظر نامے کے واسطے خود کو تیار کر رہا ہے۔حالیہ عرصے میں اسرائیل بارہا اعلان کر چکا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے کی صورت میں ایران کے خلاف اکیلے کارروائی کے لیے تیاری کر رہا ہے۔اسرائیل کے مطابق وہ یقینا بین الاقوامی تعاون کے موافق کام کرنے کو ترجیح دیتا ہے تاہم اگر ضرورت ہوئی تو وہ تنہا کارروائی سے نہیں ہچکچائے گا۔اسرائیلی فوجی کمان نے گذشتہ ہفتوں کے دوران میں تمہیدی اقدامات کیے ہیں جن کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام پر فوجی حملے کا ممکنہ سہارا لینے کی راہ ہموار کرنا ہے۔