اکشے ’بڑے میاں، چھوٹے میاں‘ میں ٹائیگر شروف کے ساتھ ایکشن دکھانے کو تیار
ممبئی،فروری۔بولی وڈ ایکشن ہیروز اکشے کمار اور ٹائیگر شروف نے طویل چہ مگوئیوں کو ختم کرتے ہوئے اپنی آنے والی ایکشن مصالحہ فلم ’بڑے میاں، چھوٹے میاں‘ کا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا۔دونوں اداکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے موشن ٹیزر میں ہولی وڈ سائنس فکشن فلموں کی طرح ایکشن اور فائٹ سین دکھائے گئے ہیں۔جاری کیے گئے مختصر موشن ٹیزر سے فلم کی کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تام عندیہ ملتا ہے کہ ’بڑے میاں، چھوٹے میاں‘ مکمل ایکشن مصالحہ فلم ہوگی۔ٹیزر میں اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کو نامعلوم اسلحہ بردار افراد سے جدید ہتھیاوں کے ذریعے لڑتے دکھایا گیا ہے۔مختصر دورانیے کے ٹیزر میں ٹائیگر شروف اور اکشے کمار کو ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے اور دونوں ویڈیو میں اس بات کی تصدیق کرتے دکھائی دیے کہ ان کی ایکشن فلم اگلے سال کرسمس کے موقع پر ریلیز ہوگی۔دونوں اداکاروں نے ’بڑے میاں، چھوٹے میاں‘ کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی فلم کرسمس 2023 کے موقع پر ریلیز ہوگی۔اس سے قبل گزشتہ چند ماہ سے چہ مگوئیاں تھیں کہ دونوں اداکار جلد ہی بولی وڈ کی ماضی کی مقبول فلم کے ریمیک میں دکھائی دیں گے۔تاہم دوسری جانب ’بولی وڈ ہنگامہ‘ نے بتایا کہ اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی فلم ’بڑے میاں، چھوٹے میاں‘ ماضی میں اسی نام سے بنائی گئی فلم کا ریمیک نہیں۔ماضی میں امتابھ بچن اور گووندا کی اسی نام سے مزاحیہ رومانوی فلم 1998 میں ریلیز ہوئی تھی، جسے شائقین نے خوب پسند کیا تھا اور اس کے گانے بھی مقبول ہوئے تھے۔اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی ’بڑے میاں، چھوٹے میاں‘ کی ہدایات علی عباس ظفر دے رہے ہیں اور انہوں نے ہی اس کی کہانی لکھی ہے۔فلم کو ’پوجا انٹرٹینمنٹ‘ کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا اور اس کی دیگر کاسٹ کا فوری طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔