اپنی شادی میں بھی 3 گھنٹے تاخیر سے پہنچا، شتروگھن سنہا کا انکشاف
ممبئی،ستمبر۔نامور بھارتی اداکار شتروگھن سنہا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی ہی شادی کے موقع پر 3 گھنٹے تاخیر سے پہنچے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شتروگھن سنہا نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ فلم سیٹ پر بھی تاخیر سے پہنچا کرتے تھے۔ انہوں نے اس عادت کے اپنی زندگی میں شامل ہونے کو اس طرح بتایا کہ وہ اپنی شادی کے موقع پر بھی 3 گھنٹے تاخیر سے پہنچے تھے۔ خیال رہے کہ شتروگھن سنہا 1970 اور 1980 کی دہائی کے نامور اسٹارز میں سے ایک ہیں، انہوں نے 1980 میں پونم سنہا سے شادی کی تھی۔ اپنے انٹرویو کے دوران شتروگھن سنہا کا کہنا تھا کہ میں دیر سے سیٹ پر پہنچتا تھا لیکن میرے بارے میں یہ مشہور تھا کہ میں اپنا تمام کام وقت سے پہلے مکمل کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ان کی طبعیت خراب بھی ہوا کرتی تھی وہ تب بھی سیٹ پر پہنچ کر اپنا کام مکمل کرتے تھے۔ شتروگھن سنہا کا کہنا تھا کہ والد وقت کی پابندی کا خیال رکھتے تھے، اور اب میری بیٹی سوناکشی بھی اپنے دادا کی طرح وقت کی پابند ہے۔ ویٹرن اداکار نے بتایا کہ میرے بیٹے لوو اور خوش بھی وقت کے بہت زیادہ پابند ہیں لیکن سوناکشی ان سے بھی کچھ بہتر ہیں۔