آگرہ کے شاہان نے ایم آرایف فارمولا-1600 کاخطاب جیتا

آگرہ، فروری۔ اتوار کی شام چنئی میں ختم ہونے والی انڈین نیشنل کار ریسنگ چیمپئن شپ کے چوتھے اور آخری راؤنڈ میں آگرہ کے شاہان علی محسن نے شاندار کارکردگی کے ساتھ ایم آر ایف فارمولا 1600 کا قومی خطاب جیت لیا۔نو سال کی عمر سے پروفیشنل ریسنگ کررہے شاہان اس سے قبل چار بار نیشنل کارٹنگ چیمپئن اور ایک بار ایشیا چیمپئن رہ چکے ہیں۔چیمپئن شپ جیتنے کے بعد شاہان نے کہا، ’’ یہ میرے لیے یادگار لمحہ ہے۔ میں نے اس سے پہلے چار قومی اور ایک ایشیا چیمپئن شپ جیتی ہے، لیکن یہ میری پہلی قومی کار ریسنگ ٹائٹل جیت ہے۔ ایم آرایف 1600 فارمولا کارریسنگ پریمیم کیٹیگری ہوتی ہے اس کا چیمپئن بننا میرے لئے اعزازکی بات ہے۔ بہت کانٹے کی ٹکر تھی، پہلے سات ڈرائیور صرف ایک سکینڈ کے فرق میں تھے اورپہلے تین تو صرف ایک سکینڈ کے دسویں حصے میں تھے۔ اس لئے صحیح حکمت عملی بنانا بہت ضروری تھا۔ چیمپئن شپ کا فیصلہ فائنل راؤنڈ کی آخری ریس کے آخری لیپس میں ہوا، ہر لمحہ دلچسپ تھا۔”فائنل راؤنڈ شروع ہونے سے پہلے، شاہان بنگلورو کے اپنے قریبی حریف چراغ گھورپڑے سے 13 پوائنٹس پیچھے تھے۔ اس راؤنڈ میں شاہان کا ہدف صرف چراغ کو پیچھے رکھنا اور بغیر کسی خطرے کے تین ریس مکمل کرنا تھا۔ فائنل راؤنڈ کے الیفائنگ راؤنڈ میں شاہان دوسرا اور چراغ نے چوتھا مقام حاصل کیا۔ اس کے بعد پہلی ریس میں شاہان نے چراغ کو پیچھے رکھتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا۔ اس سے دونوں کے درمیان 13 پوائنٹس کا فاصلہ کم ہوکر دس پوائنٹس کا رہ گیا۔دوسری ریس ریورس آرڈر کی ہونے کی وجہ سے، شاہان نے ساتویں پوزیشن سے اور چراغ نے چھٹی پوزیشن سے شروع کیا، شاہان نے چراغ کو اوورٹیک کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ چراغ ساتویں نمبر پر رہے۔ اس شاندار کارکردگی سے، شاہان نے چیمپئن شپ میں دو پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔ تیسری ریس فیصلہ کن تھی، شاہان یاچراغ میں سے جو بھی آگے رہتا، وہی قومی چمپئن بنتا۔ شاہان نے ریس کے پانچویں لیپ میں شاندار طریقے سے چراغ کو اوورٹیک کیا اور پھر حفاظتی ریس جاری رکھتے ہوئے اسے آگے نکلنے نہیں دیا۔بنگلور کے رِشون راجیو ریس میں پہلے نمبر پر تھے لیکن شاہان کا ہدف صرف چراغ کو پیچھے رکھنا تھا، انہیں معلوم تھا چیمپئن شپ کے کل پوائنٹس میں رشون بہت پیچھے ہیں۔ شاہان نے تیسری ریس میں دوسرامقام حاصل کیا لیکن یہ انہیں چیمپئن بنانے کے لئے کافی تھا۔ کل 194 پوائنٹس کے ساتھ شاہان قومی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے۔ چراغ گھورپڑے 189 پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے اور بنگلورو کے ہی رشون راجیو تیسرے نمبرپر رہے۔

Related Articles