خاتون کمیشن کا ریپ کے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ
نئی دہلی، جنوری۔ دہلی خاتون کمیشن نے جمعرات کو پولیس کو نوٹس جاری کرکے قومی دارالحکومت کےعلاقے وویک وہار میں ایک خاتون کے اغوا، گینگ ریپ میں ملوث تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔خاتون کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے متاثرہ لڑکی سے ملاقات کرنے کے بعد کہا، ’لڑکی کے ساتھ مجرموں نے وحشیانہ گینگ ریپ کیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے اس کے پورے جسم پر خوفناک زخم اورچوٹ کے نشان ہیں۔ عصمت دری میں ملوث خواتین سمیت تمام مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہیے اور متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کو جلد از جلد پولیس سیکیورٹی فراہم کی جانی چاہیے۔ دہلی پولیس کو دارالحکومت میں چل رہے غیر قانونی شراب اور منشیات کی فروخت کے گورکھ دھندے کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ ان کارروائیوں میں ملوث تمام مجرموں کے حوصلے دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں اور انھیں سبق سکھانا پورے معاشرے کے لیے اہم ہے‘محترمہ مالیوال نے آج دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرکے دہلی کے وویک وہار میں 20 برس کی خاتون کے اغوا، اجتماعی عصمت دری اور تذلیل میں ملوث تمام افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ سے ملاقات کی۔ متاثرہ نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے اسے اغوا کر کے یرغمال بنا لیا اور پھر تین لوگوں نے مل کر اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ متاثرہ نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی کر رہے تھے تو وہاں کچھ خواتین بھی موجود تھیں جو ان مردوں کو اس کے ساتھ بدتمیزی اور زیادتی کرنے کے لیے اشتعال دلا رہی تھیں۔ جب متاثرہ لڑکی سے ملزمان کے بارے میں مزید معلومات مانگی گئی تو اس نے اپنی جان کو خطرہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تمام لوگ شراب اور نشہ آور ادویات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ہیں‘۔متاثرہ لڑکی نے مزید بتایا کہ مجرموں نے اسے بے رحمی سے مارا، اس کا سر منڈو کر چہرا کالا کر دیا اور اسے چپل اور جوتوں کی مالا کے ساتھ علاقے میں گھمایا۔ کمیشن کو اس انتہائی افسوس ناک واقعے کی ایک ویڈیو بھی برآمد ہوئی جس میں متاثرہ کی حالت زار واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے‘۔ویمن کمیشن نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرکے اس معاملے میں ملوث تمام قصوروار مردوں اور خواتین کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے محترمہ مالیوال نے اپنے نوٹس میں لڑکی اور اس کے اہل خانہ کو جلد از جلد محفوظ گھر میں منتقل کرنے اور انھیں فوری تحفظ فراہم کرنے کی سفارش بھی پیش کی ہے۔کمیشن نے ملزمان کے غیر قانونی شراب اور نشہ آور ادویات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے پیش نظر اس سلسلے میں ان کے خلاف سابقہ تمام شکایات کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ اس کے علاوہ کمیشن نے دہلی پولیس کی جانب سے لڑکی کی سکیورٹی یقنین بنانے کے لیے کیے جارہے اقدامات کی تفصیلات پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔بالآخر کمیشن نے دہلی پولیس سے کہا ہے کہ وہ 72 گھنٹے کے اندر کیس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت اس معاملے میں کی گئی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ فراہم کرے۔