تمل ناڈو میں ایل پی جی سلنڈر میں دھماکہ، 4 ہلاک، 12 زخمی
چنئی، نومبر ۔ تمل ناڈو کے سیلم ضلع کے کرونگل پٹی گاؤں میں منگل کو ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے ایک بوڑھی عورت سمیت چار کی موت ہو گئی جب کہ 12 دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس ہیڈکوارٹر سے موصولہ اطلاع کے مطابق مہلوکہ کی شناخت راجیشوری (80) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فائر فائٹر اور مکان مالک پدمنابھن، ان کی بیوی دیوی اور کارتک رام نامی نوجوان کی بھی اس حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ یہ حادثہ صبح 6.30 بجے اس وقت پیش آیا جب اس نے کھانا پکانے کے لیے چولہے کو آن کرنے کی کوشش کی۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی تین مکانات بھی ملبے کا ڈھیر بن گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا اور 10 سالہ بچی سمیت 12 افراد کو ملبے سے باہر نکالا۔ ان لوگوں کو علاج کے لیے سرکاری اسپتال موہن کمارمنگلم میں داخل کرایا گیا ہے اور ان میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق راجیشوری نے آج صبح 7.45 بجے چائے بنانے کے لیے گیس جلائی اور گیس لیک ہونے کی وجہ سے سلنڈر پھٹ گیا۔ اس واقعہ میں راجیشوری کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔پولیس، فائر بریگیڈ محکمہ، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکاروں نے تقریباً سات گھنٹے تک جاری رہنے والے بچاؤ اور امدادی کام کے بعد پدمنابھن، دیوی اور کارتک رام کی لاشیں نکالیں۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد سیلم کلکٹر ایس۔ کرمیگھم، کارپوریشن کمشنر ٹی کرشتوراج اور حکمراں دراوڑ منیترا کشگم پارٹی کے ایم ایل اے آر راجندر موقع پر پہنچے اور راحت اور بچاؤ کاموں کی نگرانی کی۔