صحت مند اور خوشحال زندگی کیلئے نیند کے معیار کو بنیادی اہمیت حاصل ہے
لندن ،مارچ۔ ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ صحت اور دل خوشکن زندگی کیلئے ماہرین کی تجویز کردہ 7یا 9گھنٹے کی نیند کے بجائے نیند کے معیار کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، ماہرین کاکہنا ہے کہ تجربات سے ثابت ہواہے کہ جو لوگ اچھی نیند لیتے ہیں وہ عام طورپر بستر لیٹنے کے 15منٹ کے اندر سوجاتے ہیں اور انھیں سونے کیلئے چہل قدمی کرتے رہنے اور دوسرے جتن کرنے کی ضرورت نہیں رہتی اور انھیں دوسروں کی نسبت اچھی نیند آتی ہے۔ریسرچرز کا کہناہے کہ ان کی یہ ریسرچ جرنل One Plos میں شائع ہوئی ہے ،اس ریسرچ کے دوران معیار زندگی کا 5اصولوں کے تحت تجزیہ کیاگیاہے زندگی پر اطمینان ،خیر وعافیت ،خوشی ،صحت کی صورت حال اور کام کا دباؤ ،ریسرچرز کا کہناہے کہ ان کی ریسرچ سے ظاہرہوتاہے کہ فرد کی زندگی میں نیند کی مدت کوئی اہمیت نہیں رکھتی بلکہ فرد کا معیار زندگی اس کی رات کی نیند میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ریسرچرز کا کہناہے کہ اہمیت اس بات کی ہے ہم کتنی دیر سوتے ہیں اور کب سوتے ہیں ،جن لوگوں کی نیند کا معیار اچھا ہوتاہے ان کا معیار زندگی بھی اچھا ہوتاہے ،دوسری جانب نیشنل سلیپ فاؤنڈیشن نے روزانہ رات کو کم از کم 7گھنٹے کی نیند کو ضروری قرار دیاہے ،چارلس یونیورسٹی اور چیک اکیڈمی آف سائنسز نے چیک ری پبلک میں گزشتہ 3سال کے دوران 4ہزار سے زیادہ افراد کی نیند کاتجزیہ کیاہے ،اس تجزیئے کے دوران ٹیم نے متعلقہ لوگوں کی سوشل سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا ،عمومی سرگرمیوں کے علاوہ انسانی جسم دو ٹائم زون میں حرکت کرتاہے ایک کام اورسماجی سرگرمیوں کیلئے اور دوسرا اندرونی ٹائمنگ سسٹم کے تحت جسے روزمرہ کی گھڑی کہتے ہیں ،ٹیم نے اندازہ لگایا کہ نیند کا معیار خوشی سے ہے جبکہ کام کا دباؤ سماجی سرگرمیوں سے جڑا ہواہے۔ریسرچرز کی ٹیم نے لکھاہے کہ گزشتہ 3سال کے دوران4,253افراد کا جائزہ لینے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ جن لوگوں کی نیند کا معیار بہتر ہوجاتاہے ان کا معیار زندگی بھی بہتر ہو جاتا ہے۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ خراب معیار کی نیند کی بدولت معیار زندگی بھی گر جاتاہے اور کیا خراب معیار زندگی سے نیند کا معیار خراب ہوجاتاہے ،اس کیلئے زیادہ لوگوں پر مزید اسٹڈی کرنے کی ضرورت ہے۔تاہم اس ریسرچ سے ظاہرہوگیاکہ نیند کا معیار بہتر بنالیاجائے تو صحت پر اچھے اثرات پڑتے ہیں۔