عزم ، حوصلے اور صبر و استقلال سے ہی چیلنجوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے:فاروق عبداللہ
سری نگر، اگست۔نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہا کہ اتحاد و اتفاق قوم کی بڑی فتح و نصرت سے تعبیر کی جاتی ہے جبکہ نااتفاقی ناکامی ، تباہی اور بربادی کی نشاندہی ہوتی ہے، جموں و کشمیر کے عوام گذشتہ 3برسوں سے ایک مشکل ترین دور سے گذر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہاں کے عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق آئے روز سلب کئے جارہے ہیں، ناانصافی کا دور دورہ ہے، یہاں کے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کرنے کے لئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا جارہاہے۔ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج سری نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پورے عزم ، حوصلے اور صبر و استقلال سے ہی ان چیلنجوں اور آزمائشوں کا مقابلہ کیاجاسکتا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ ان حکمرانوں اور بادشاہوں پر کس قدر قہر اور طوفان برپاہوئے جنہوں نے اپنی رعایا پر ظم و ستم کے پہاڑ ڈھائے۔اللہ تعالیٰ نے وقت وقت پر ظالم حکمرانوں کے نام و نشان ختم کردیئے۔آج ہم بھی ناانصافی کے خلاف صف آرا ہوئے ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ عوام کے بھر پور اشتراک سے ہمیں کامیابی و کامرانی حاصل ہوگی ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ عوام کی خوشحالی، فارغ البالی، امن و امان خصوصاً بھائی چارے کی مشعل کو فیروزاں رکھنے کیلئے جو قربانیاں پیش کی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان عناصر سے خبردار رہیں جو ہماری انفرادیت، وحدت اور بھائی چارے کو تار تار کرنے پر تلے ہیں ۔