”حضرت محمدؐ کی زندگی تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے“ ایس آئی او کی سیرت مہم کا آغاز
حیدرآباداگست۔بحیثیت خیر امت مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانوں کو اللہ کی طرف دعوت دیں، قرآن مجید عمدہ نصیحت اور حکمت کے ساتھ غیر مسلموں تک اسلام کی تعلیمات کو پہچانے کا حکم دیتا ہے، اسی کام کو دعوت دین کہتے ہیں۔ ملک کے موجودہ حالات میں جہاں ایک طرف مختلف مذاہب کے درمیان نفرت کو عام کیا جارہا ہے وہیں اسلام اور مسلمانوں سے متعلق غلط فہمیوں کو بڑے پیمانے پر پھیلایا جارہا ہے اور اسلامی شعائر ومسلمانوں کی محترم ہستیوں کے خلاف نازیبا الفاظ اور غلط بیانی کی جارہی ہے۔ اس کی تازہ مثال حکمران جماعت کے ترجمان کی جانب سے محسن انسانیت نبیؐ شان میں گستاخی کا مسئلہ ہے جس نے دنیا بھر میں ہندوستان کی شبیہ کو خراب کیا ہے۔ اس مسئلہ کی وجہ سے ایک طرف مسلمانوں کے جذبات کو تکلیف پہچائی گئی ہے اور دوسری طرف بڑے پیمانے پر نفرت اور غلط خبروں کو عام کیا گیا۔ ایسے میں ایس آئی او کا احساس ہے کہ اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے محسن انسانیت نبی کریمؐکی سیرت کو عام کیا جائے اور بتایا جائے کہ نبیؐ کے بارے میں جتنا معلوم کیا جائے گا اتنا ہی ان سے محبت میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ اس مقصد کے تحت اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے قومی سطح پر ایک مہم کا آغاز کیا۔ میڈیا سے بات کرے ہوئے ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے مہم کا مقصد بتایا کہ”اس مہم کے ذریعہ سے ہم غیر مسلم برادران وطن تک پہنچیں گے اور یہ بات بتائیں گے کہ محسن انسانیت نبی کریمؐاللہ کے رسول ہیں اور انسانیت کے لیے نافع شخصیت ہیں، آپؐ کی تعلیمات زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی کرتی ہے“۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران سیرت کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی، نیز اسلام میں نبیؐ کی اہمیت اور مقام کو واضح کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بالخصوس مسلم نوجوانوں میں دعوتی جذبہ کو ابھارنے کی کوشش کی جائے گی۔برادر ستار احمد خان، سکریٹری ایس آئی او تلنگانہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران مقامی زبانوں میں مقابلہ جات منعقد کئے جائیں گے، ہاسٹلس اور کیمپس میں لیکچرز، سیرتؐ کوئز، انفرادی ملاقاتیں، سیرت نمائش اور مساجد کے دورے کرواتے ہوئے غیر مسلموں تک اس پیغام کو عام کیا جائے گانیز خطبات جمعہ کے ذریعہ مسلم امت کو اس کام کے لیے ابھارا جائے گا۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں سے اس موقع پر خواہش کی کہ وہ بھی اپنی سطح پر محسن انسانیت نبی کریمؐ کی سیرت کے پیغام کو عام کریں اور ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر برادر قیام الدین(ریاستی سکریٹری)، برادر محمد فراز احمد (میڈیا مینیجر)و دیگر موجود تھے۔