آسنسول میں بڑے پیمانے پر گیس ملنے کا امکان
اگلے تین سالوں میں 22ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی:ممتا بنرجی
کلکتہ ,جون۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی پولیس کے ساتھ میٹنگ میں دعویٰ کیا کہ آسنسول میں گیس ملنے کا امکان ہے۔ جی ایس آئی نے سروے شروع کر دیا ہے۔ سیل گیس کی یہاں بڑا ذخیرہ ہے۔ ہم یہ کام وزارت پٹرولیم کی منظوری سے کر رہے ہیں۔ ہم نے سیل گیس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کام شروع کردیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ 15 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس کی وجہ سے زیادہ روزگار ملیں گے۔ اگلے دو سے تین سالوں میں سیل گیس کی پیداوار میں 22,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ایک عظیم صنعتی صلاحیت شروع ہو چکی ہے۔ نیاچار کے معاملے میں یہ معاہدہ پچھلی حکومت کے دور میں ہوا تھا۔ ہم نے یہ معاہدہ منسوخ کر دیا۔ یہاں ہم ایکوا ہب بنا سکتے ہیں۔ ایکوا ہب اور سولر پارک میں 9,000 کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ نیاچار ریاست کے صنعتی نقشے پر کوئی نیا نام نہیں ہے۔ قبل ازیں چیف سکریٹری ہری کرشن دویدی نے محکمہ بجلی اور ماہی پروری کے افسران کے ساتھ طویل میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں ریاست نے نیاچار کے لیے خصوصی منصوبہ بندی شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت نیاچار میں 1200 میگا واٹ کا سولر پلانٹ بنانا چاہتی ہے۔ ماہرین کا ماننا کہ نیاچار میں ہر مربع میٹر زمین سے سالانہ 1600 کلو واٹ شمسی تابکاری حاصل ہوتی ہے۔ چیف سیکرٹری نے ماہرین کے مشوروں کی بنیاد پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ اجلاس میں غیر روایتی توانائی کے محکمے کے افسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے فیصلے پر عملاً وزیر اعلیٰ نے آج مہر لگادی ہے۔ مرکزی حکومت نے اس سال غیر روایتی ذرائع سے 1 لاکھ 75 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ امید کی جارہی ہے اس سولر پارک سے اس مقصد کو پورا کرنے میں بہت ہی زیادہ مدد ملے گی۔