کلکتہ ہائی کورٹ نے تپن دت کے قتل کیس کی جانچ سی بی آئی کے حوالے کیا
کولکاتہ، جون ۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر تپن دت کے قتل کیس کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو سونپ دی۔ڈویژن بنچ کے چیف جسٹس جسٹس راج شیکھر منتھا نے اس قتل کیس کی جانچ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے سپرد کرتے ہوئے آئندہ سماعت سی بی آئی عدالت میں کرنے کی ہدایت دی۔قابل ذکر ہے کہ 6 مئی 2011 کو ٹی ایم سی لیڈر اور ماحولیاتی کارکن ایک مقامی تالاب کو بھرنے کے خلاف احتجاج کرنے پر ہجومی تشدد کا نشانہ بنے تھے۔ گھر واپس لوٹتے وقت ریلوے پھاٹک کے قریب انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ان کی موت کے بعد سے ان کی اہلیہ پرتیما دت مسلسل اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ اہلیہ پرتیما نے قتل میں ٹی ایم سی کے کچھ لیڈروں کے ملوث ہونے کا بھی الزام لگایا تھا۔ پہلے کیس کی جانچ کرتے ہوئے ریاست کی تفتیشی ایجنسی سی آئی ڈی نے 13 لوگوں کو ملزم کے طور پر نامزد کیا تھا لیکن بعد میں چارج شیٹ سے نو لوگوں کے نام خارج کر دیے گئے۔اس کے بعد ہاوڑہ کے ایک ٹرائل کورٹ نے پانچوں ملزمان کو یہ کہتے ہوئے بری کر دیا تھا کہ سی آئی ڈی ملزمان کے خلاف خاطر خواہ ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ اس کے بعد متاثرہ خاندان نے انصاف کی امید میں کلکتہ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔