8 سال میں پہلی بار تمام مسلم ممالک بھارت پرتنقید کررہے ہیں، کمال خان

دبئی،جون۔بی جے پی لیڈر نوپور شرما کی جانب سے پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں دیے گئے گستاخانہ ریمارکس کے بعد یہ معاملہ سرخیوں میں ہے اور تنازع ختم نہیں ہوا۔ نوپور شرماکو بھی بی جے پی نے گستاخانہ بیان پر پارٹی سے نکال دیا ہے۔ لیکن خلیجی ممالک اس کے خلاف مسلسل اپنا احتجاج بھرپور طریقے سے ریکارڈ کروا رہے ہیں۔ اس تنازع کی وجہ سے اب خلیجی ممالک میں بھارتی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جارہی ہے۔ ایسے میں اب بولی وڈ فلموں کے ناقد کمال آر خان نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ کیا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں خود بھی ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔کمال خان نے ٹویٹ کیاکہ ’’گزشتہ 8 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب بی جے پی حکومت یہ کہنے پر مجبور ہوئی ہے کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔8سال میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ تمام مسلم ممالک ایک ساتھ کھڑے ہو کر بھارت پر تنقید کر رہے ہیں۔20سال میں یہ پہلا موقع ہے جب مسلم ممالک حکومت ہند سے معافی مانگنے کو کہہ رہے ہیں۔‘‘کمال آر خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اس کے بعد طنز کیا اور کہا کہ ’’چونکہ خلیج کے لوگ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کر رہے ہیں اس لیے اب بھکتوں کو تیل اور پیٹرول کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔‘یاد رہے کہ ‘نوپور شرما نے مبینہ طور پر پیغمبر اسلام سے متعلق گستاخانہ تبصرہ کیا۔ ان کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور ہنگامہ شروع ہو گیا۔ تب سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا اور اسی کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے انہیں ان کے عہدے سے معطل کر دیا۔

 

Related Articles