2024 لوک سبھا الیکشن: بی جے پی کے خلاف لڑائی میں علاقائی پارٹیوں کارول ہوگا اہم :اکھلیش

لکھنو :مارچ.بھارتیہ جنتا پارٹی پورے ملک میں دو مرتبہ پی ایم مودی کی قیادت میں اپنی حکومت بناچکی ہے۔ گزشتہ عام انتخابات میں ملک کی تمام پارٹیوں نے ایک ساتھ بی جے پی کے خلاف لڑائی لڑی لیکن ان کو منہ کی کھانی پڑی۔ وہیں اب اگلے سال ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے لیے الگ الگ سیاسی پارٹیاں انتخابی منصوبہ بندی میں لگ گئی ہیں۔ اس درمیان سماج وادی پارٹی سپریمو اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ 2024 لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کے خلاف لڑائی میں علاقائی پارٹیاں اہم رول ادا کریں گے۔ ساتھ ہی ایس پی نے 2024 کے الیکشن میں اتر پردیش کی مجموعی 80 لوک سبھا سیٹوں میں سے کم از کم 50 پر جیت حاصل کرنے کا ہدف رکھا ہے۔اس سے پہلے سماج وادی پارٹی سپریمو اکھلیش یادو نے کولکاتہ میں ممتا بنرجی سے ملاقات کی تھی۔ وہیں، اس مجوزہ اپوزیشن مورچے میں کانگریس کے رول پر یادو نے کہا کہ یہ سب سے پرانی پارٹی کو طئے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں علاقائی پارٹیاں ہیں جو بی جے پی سے لڑ رہے ہیں اور کئی نے اپنی حکومت بھی بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد اور مورچہ بنانے کی کوشش جاری ہے۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار، مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راو اتحاد کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے آگے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں ایک اپوزیشن کا اتحاد شکل لے لے گا، جو بی جے پی کے خلاف لڑے گا۔

Related Articles