سونیاگاندھی کوانکوائری کے نام پر مودی حکومت ہراساں کررہی ہے:ناناپٹولے

ممبئی:جولائ ۔مرکز کی نریندر مودی حکومت اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے تمام سرکاری مشینریوں کا بے دریغ غلط استعمال کر رہی ہے۔ مودی حکومت کی اس جبر کو کانگریس پارٹی ذرابھی لائق اعتنا نہیں سمجھتی ہے۔ سونیا جی گاندھی بیمار ہیں اور 70 سال کی عمر میں تفتیش کے نام پر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔مودی حکومت کی اس آمریت کے خلاف کانگریس پارٹی 26جولائی کو ایک بار پھر پرامن ستیہ گرہ کے ذریعے اس کارروائی کی مذمت کرے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے دی ہے۔اس ضمن میں بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ "منگل کو نریندر مودی حکومت کی انتقامی سیاست کے خلاف صبح10 بجے منترالیہ کے قریب بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے ستیہ گرہ منعقد کیا جائے گا اور یہ ستیہ گرہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ محترمہ سونیا گاندھی کو ای ڈی کے دفتر سے رہا نہیں کیا جاتا۔ 21 تاریخ کو محترمہ سونیا گاندھی کو ای ڈی نے تفتیش کے لیے بلایا تھا، اب انہیں دوبارہ بلایا گیا ہے۔ممبرپارلیمنٹ راہل گاندھی صاحب سے بھی ای ڈی نے پانچ دنوں تک روزانہ 10 گھنٹے تک تفتیش کی۔ اس تفتیش سے کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی کچھ حاصل ہو گا۔ ای ڈی کے اہلکار مرکز میں اپنے ’باس‘کے اشارے پر ناچ رہے ہیں۔ انکوائری کے نام پر اپوزیشن کو ہراساں کرنے کی بی جے پی کی سیاست زیادہ دنوں تک نہیں چلے گی۔ناناپٹولے نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی لیکن مرکز میں برسراقتدار آنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت جمہوریت اور آئین کوبالائے طاق رکھ کر اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے اپوزیشن کو پریشان کر رہی ہے۔

 

Related Articles