یوگی کے او ایس ڈی موتی لال سنگھ کی سڑک حادثے میں موت
بستی، اگست۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خصوصی ڈیوٹی (او ایس ڈی) کے طور پر گورکھپور میں واقع چیف منسٹر کیمپ آفس میں تعینات سابق پی سی ایس افسر موتی لال سنگھ کی دیر رات گئے بستی ضلع میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔اس حادثے میں ان کی بیوی اور گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ لکھنؤ میں سڑک حادثے میں سنگھ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعلی کے دفتر نے کہا کہ مسٹر یوگی نے اس سانحہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلی کے دفتر کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق ’’وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک سڑک حادثے میں چیف منسٹر کیمپ آفس، گورکھپور کے موتی لال سنگھ جی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مہاراج جی نے مہلوک کی روح کے سکون کی دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے افراد سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بستی پولیس نے بھی جمعہ کو ایک سڑک حادثے میں سنگھ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ ضلع کے منڈیروا علاقے میں ہائی وے پر ایک آوارہ جانور کے گاڑی کے سامنے آنے کی وجہ سے ہوا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مسٹر سنگھ جمعرات کی رات اپنی بیوی کے ساتھ اسکارپیو کار میں لکھنؤ جا رہے تھے۔ اس کے بعد منڈیروا کے قریب ہائی وے پر ایک جانور کو بچانے کی کوشش میں ان کی کار بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔اس حادثے میں سنگھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ اس کی بیوی اور گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو گورکھپور میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔