یوکرین کے مشرقی شہر میں پرہجوم شاپنگ مال پر میزائل حملہ؛ دو افراد ہلاک،متعدد زخمی

کریمن چک،جون۔یوکرین کے صدرولودی میرزیلنسکی نے بتایاکہ روسی فوج نے ملک کے مشرقی شہرکریمن چک میں واقع ایک پرہجوم مال پرمیزائل حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ قابضین نے ایک خریداری مرکز پر میزائل داغے ہیں۔اس حملے کے وقت وہاں ایک ہزار سے زیادہ شہری تھے۔ مال میں آگ لگی ہوئی ہے۔امدادی کارکنان آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔زیلنسکی نے ٹیلی گرام پرلکھا کہ متاثرین کی تعداد کا تصور کرنا ناممکن ہے۔زیلنسکی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مال آگ کی لپیٹ میں ہے۔اس کے باہر درجنوں امدادی کارکنان اور ایک فائر ٹرک موجود ہے۔یوکرینی صدر کے ڈپٹی چیف آف سٹاف کیریلو تیموشینکو نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ اب تک 20 کے قریب زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔ان میں نو کی حالت تشویش ناک ہے۔انھوں نے دوہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ امدادی کارروائی جاری ہے۔پولتافاخطے کے گورنر دمیترو لیونن نے اس حملے کو ’’جنگی جرم‘‘اور’’انسانیت کے خلاف جرم‘‘قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ ’’شہری آبادی کے خلاف دہشت گردی کی ایک بہیمانہ کارروائی‘‘ہے۔

 

Related Articles