یوپی میں کریں گے 75ہزار کروڑ کی اضافی سرمایہ کاری:امبانی

لکھنؤ:فروری۔ اترپردیش کی ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کے خواب کو پنکھ لگانے کے لئے ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا گروپ اگلے چار سالوں میں ملک کے تیسرے بڑے صوبے اترپردیش میں 75ہزار کروڑ روپئے کی اضافہ سرمایہ کاری کرے گا جس سے ایک لاکھ سے زیادہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں یوپی گلوبل انوسٹر سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امبانی نے جمعہ کو کہا کہ دنیا کی تیزی سے بڑھتی معیشت میں شمار ہندوستان کے نئے گروتھ انجن اترپردیش میں ریلائنس نے اگلے چار سالوں میں اترپردیش میں خردہ و جدید وسائل میں اضافی 75ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ جس سے ایک لاکھ سے زیادہ نئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سال 2018 تک ریلائنس اترپردیش میں 50ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرچکی ہے۔ اگلے چار سالوں میں گروپ کی 75ہزار کروڑ روپئے کے اضافی سرمایہ کاری کا ہدف ہے جس سے سرمایہ کاری کے لئے موافق حالات والے اس ریاست میں گروپ کی کل سرمایہ کاری سوالاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ کی ہوجائے گی۔امبانی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کامیاب رہنمائی میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اترپردیش کو ایک نئی پہچان دی ہے اور اگلے پانچ سال کے اندر ہی اترپردیش ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔

Related Articles