ہندوستان-برطانیہ ایف ٹی اے پر بات چیت میں پیش رفت ہوگی: رشی سنک

نئی دہلی، اکتوبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دوپہر نو منتخب برطانوی وزیر اعظم رشی سنک سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں اپنے ملک کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہاں برطانوی ہائی کمیشن نے اطلاع دی کہ مسٹر سنک نے آج دوپہر ٹیلی فون پر مسٹر مودی سے بات کی۔ مسٹر مودی نے ہندوستان کے 1.3 بلین ہندوستانیوں کی طرف سے انہیں وزیر اعظم بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسٹر سنک نے کہا کہ وہ برطانیہ اور ہندوستان کے درمیان تاریخی روابط کے عینی شاہد ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ہمارے تعلقات کو انتہائی قریبی تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی چیلنجوں پر بات چیت کے دوران مسٹر سنک نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے میں وزیر اعظم مودی کی قیادت کی ستائش کی۔ دونوں رہنماؤں نے سلامتی، دفاعی اور اقتصادی شراکت داری کے مواقع کا بھی خیر مقدم کیا۔ مسٹر سنک نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان ایک جامع آزاد تجارتی معاہدے کے لیے ہونے والی بات چیت میں اہم پیش رفت ہوگی۔ دونوں رہنماؤں نے انڈونیشیا میں جی 20 سربراہی اجلاس میں ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

 

Related Articles