ہمارا مقصد لوگوں کو مشکلات کے بھنور سے باہر نکالنا ہے: سید محمد الطاف بخاری
سری نگر،ستمبر ۔جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ہماری پارٹی کا مقصد لوگوں کو اس بھنور سے باہر نکالنا ہے جس میں وہ پانچ اگست 2019 کے بعد پھنس گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ان چیزوں کی بات کی ہے جو قابل حصول ہیں۔ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ جن چیزوں کے ساتھ لوگوں کے جذبات وابستہ ہیں ان کو بحال کیا جانا چاہئے۔موصوف صدر نے یہ باتیں پیر کے روز سابق رکن اسمبلی جاوید مصطفیٰ میر کی طرف سے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب پرمیڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیں۔انہوں نے کہا: ’ہم نے 8 مارچ 2020 سے ہی لوگوں کی خدمت کے لئے کام کرنا شروع کیا ہے اور ہمارا مقصد لوگوں کو مشکلات کے بھنور سے باہر نکالنا ہے ‘۔ان کا کہنا تھا: ’ہم نے پارٹی کے وجود میں آنے کے روز اول سے ہی سے اپنے مقصد کے حصول کے لئے کام کرنا شروع کیا، چاہئے اس کے لئے ہمیں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنا پڑا یا وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات کانا پڑی‘۔مسٹر بخاری نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ پانچ اگست 2019 کے بعد جن مشکلات میں لوگ پھنس گئے ان کو کیسے کم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جوکچھ قابل حصول ہے وہ حاصل کرنا ہمارا مقصد ہے اور لوگوں کے عزت و وار کو بحال کرنا ہمارا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نوکریوں اور زمین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بعد حال ہی میں این ای ای ٹی سیٹوں کے متعلق حصہ داری کے فیصلے کو بھی ملتوی کرایا جس کے لئے ہم لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشکور ہیں۔اس موقع پر جاوید مصطفیٰ میر نے کہا کہ پارٹی بدلنے کا سلسلہ چلتا رہتا ہے تاہم لوگوں کی خدمت کرنا ایک لیڈر کا مشن ہونا چاہئے۔پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا:’جب تک میں اس الائنس میں تھا میں نے اپنا کام کیا۔ الائنس کا ایجنڈا دفعہ370 ، دفعہ35 اے کی بحالی ہے یہ معاملہ فی الوقت عدالت میں ہے اور آج جب میں یہاں ہوں تو یہ معاملہ کورٹ میں ہی ہے‘۔