ہجوم والی جگہوں پر ماسک کا استعمال کریں: سکھو

شملہ، اپریل ۔ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے ہماچل پردیش میں کووڈ-19 کے کیسوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور ریاست کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا پروٹوکول پر عمل کریں اور بھیڑ والی جگہوں پر ماسک پہنیں۔ تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔وزیر اعلیٰ یہاں انڈین ایسوسی ایشن آف پارلیمنٹرینز آن پاپولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ (آئی اے پی پی ڈی) کے زیر اہتمام ‘ہندوستان میں وبائی امراض کے دوران اور بعد میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے میں ہماچل پردیش کے قانون سازوں کے مضبوط کردار’ کے موضوع پر ایک کانفرنس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اب معاشرے کو کورونا وائرس کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔مسٹر سکھو نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں ضروری اصلاحات کر رہی ہے تاکہ لوگوں کو خصوصی طبی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔ ان اصلاحات کے مثبت نتائج آنے والے وقت میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے صحت کے اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ان میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر جدید طبی سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج ٹانڈہ اور آئی جی ایم سی شملہ میں روبوٹک سرجری کی سہولت اگلے چھ ماہ میں دستیاب ہوگی۔ اس سے نہ صرف مریضوں کا قیمتی وقت بچ جائے گا بلکہ درست نتائج بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی ایم سی شملہ میں پی اے ٹی بلاک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور ٹانڈہ کے ڈاکٹر راجندر پرساد گورنمنٹ میڈیکل کالج میں پی اے ٹی اسکین مشین کی تنصیب کے لیے 50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

Related Articles