گہلوت نے جودھ پور میں گیس سلنڈر حادثہ میں زخمیوں کی عیادت کی
جودھپور، دسمبر۔راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج یہاں مہاتما گاندھی اسپتال پہنچ کر شیر گڑھ علاقے کے بھونگرہ میں گیس سلنڈر حادثے میں زخمیوں کی خیریت معلوم کی اور ان کے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔ مسٹر گہلوت نے ڈاکٹروں کو زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم جے پور سے روانہ ہوچکی ہے۔حادثے کو دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ ہے، زخمیوں کے ہر ممکن علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ اس وقت سب سے اولین ترجیح ہر ایک زخمی کو بچانا ہے اور اس سمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور میڈیکل انتظامیہ کو تمام ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ، پولیس اور گاؤں والوں کی جانب سے حادثے کے دوران حساسیت کا مظاہرہ کرنے والے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں اس قسم کے رویے سے انسانی ہمدردی اور آپسی جذبات کو فروغ ملتا ہے۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ حادثے کے بعد سے وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور زخمیوں کے علاج کے بارے میں اپ ڈیٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی خواتین اور بچے شدید جھلسے ہیں جو کہ تشویشناک ہے۔ اس صورتحال میں ڈاکٹروں سے بات کرکے مناسب علاج فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع کلکٹر کو بھی حادثے کی تحقیقات کی ہدایات دی گئی ہیں۔ مسٹر گہلوت نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ وہ گیس ایجنسیوں کے ساتھ باقاعدہ دیکھ بھال کے لیے بات چیت کریں اور نئی گائیڈ لائن بنائیں تاکہ اس طرح کے حادثات کو روکا جاسکے۔چیف منسٹر نے مکھیہ منتری چرنجیوی حادثاتی انشورنس اسکیم کے تحت مرنے والوں کے لواحقین کو فی خاندان پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بھونگرہ حادثہ میں پوری سمجھداری اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے کانسٹیبل ڈنگر سنگھ کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر گیلنٹری/آؤٹ آف ٹرن ترقی دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران راجستھان کرکٹ اکیڈمی (آر سی اے) کے صدر ویبھو گہلوت، سٹی ایم ایل اے منیشا پنوار، میئر کنتی دیوڑا پریہار، شیر گڑھ ایم ایل اے مینا کنور اور دیگر عوامی نمائندے اور عہدیدار بھی موجود تھے۔