گجرات میں پہلے مرحلے کے لیے 1362 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے

گاندھی نگر، نومبر۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن پیر تک کل 1362 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔چیف الیکٹورل آفیسر پی بھارتی نے آج یہاں یواین آئی کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے لیے 5 نومبر کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا تھا۔ 5 نومبر سے شروع ہونے والے اس عمل کے تحت 14 نومبر یعنی آخری دن تک کل 1362 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج ہوگی اور 17 نومبر تک نام واپس لیے جاسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں 89 سیٹیں جنوبی گجرات، سوراشٹرا اور شمالی گجرات کے کچھ حصوں سے ہیں۔10 نومبر کو دوسرے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ دوسرے مرحلے کے لیے پیر کوکئی بڑے ناموں سمیت پانچویں دن تک 95 امیدواروں نے کاغذات داخل کیے۔ کاغذات نامزدگی 17 نومبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ 18 نومبر کو ان کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 21 نومبر ہے۔ وسطی گجرات اور شمالی گجرات کی باقی کل 93 سیٹوں پر5 دسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ریاست کے 33 اضلاع کی کل 182 اسمبلی سیٹوں کے لیے دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں ریاست کی 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو اور بقیہ 93 سیٹوں پر 5 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے 3 نومبر کو گجرات میں پولنگ کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ جنوبی گجرات، سوراشٹرا اور شمالی گجرات کے کچھ حصوں کی کل 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو اور وسطی گجرات اور شمالی گجرات کی باقی کل 93 سیٹوں پر 5 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی اور پولنگ کا عمل 10 دسمبر کو مکمل ہوگا۔

Related Articles