کینسر میں مبتلا خاتون سے اظہار یکجہتی، حجام نے بھی اپنے سر کے بال اتاردیے
دہلی،جنوری۔کینسر میں مبتلا خاتون کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے حجام نے اپنے بال بھی اتارلیے۔سوشل میڈیا پر دل کو چھو لینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں کینسر کے مرض میں مبتلا ایک خاتون کو بال منڈوانے کیلئے حجام کی دکان پر بیٹھا دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں حجام کو مشین کے ذریعے خاتون کے سرسے بال اتارتے دیکھا گیا جس دوران خاتون افسردہ ہوتے ہوئے مسلسل رو رہی ہے۔ویڈیو میں آگے دیکھا جاسکتا ہے کہ حجام نے خاتون کے سر کے بال اتارنے کے بعد اظہار یکجہتی کیلئے اپنے سر کے سارے بال بھی اتار دیے جس پر خاتون نے حجام کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ مانے اور خود بھی گنجے ہوگئے۔وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ متاثرہ خاتون حجام کی دوست ہے۔