کورونا کی پچھلی لہروں سے تجربہ لیتے ہوئے ہریانہ پوری طرح سے تیار : وِج

چنڈی گڑھ، دسمبر۔ ہریانہ کے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر انل وج نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ عالمی وبا کورونا وائرس سابقہ لہروں سے تجربہ لیتے ہوئے ریاستی انتظامیہ اور ان کا محکمہ پوری طرح تیار ہے اور کورونا سے متعلق مرکز کی جو بھی ہدایات آئیں گی، ان کی حکومت انہیں ریاست میں مکمل طور پر نافذ کرے گی۔مسٹر وج آج یہاں کورونا کی آنے والی ممکنہ لہر سے متعلق صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا ’’ہم کورونا کے خلاف جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے ہر ضلع میں آر ٹی پی سی آر مشین دستیاب ہے۔ پچھلی لہروں کے دوران سب سے بڑا مسئلہ جانچ کا تھا، نمونوں کو جانچ کے لیے پونے بھیجنا پڑتا تھا، لیکن اب ریاست کے ہر ضلع میں آر ٹی پی سی آر مشینیں لگائی گئی ہیں۔وزیر صحت نے کہا کہ دوسری لہر میں آکسیجن کا بڑا مسئلہ تھا لیکن اب ہم نے 50 بستروں سے اوپر کے تمام ہسپتالوں میں پی ایس اے پلانٹس لگا دیئے ہیں اور آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اسی طرح ادویات کا وافر ذخیرہ بھی دستیاب ہے۔انہوں نے ریاست کے لوگوں سے اپیل کی کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن لوگ کووڈ سے بچنے کے لیے بتائے گئی رہنما ہدایات پر عمل کریں، جیسے کہ ماسک پہننا، ہاتھ صاف کرنا وغیرہ۔

Related Articles